بلوچستان میں بارشوں سے تباہی 111 افراد جاں بحق اور 6 ہزار مکانات تباہ
متاثرین کے لیے 10-10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے، صوبائی چیف سیکریٹری
SWABI:
بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث صوبے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 111 ہوگئی جبکہ 6 ہزار 70 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔
اس حوالے سے صوبائی چیف سیکریٹری نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے متاثرین کے لیے 10-10 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ خراب موسم کے باوجود فضائی ریلیف آپریشن جاری ہے۔
عبدالعزیز عقیلی نے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال میں امداد سرگرمیوں سے متعلق بتایا کہ 16ہزار 87گھروں کے لیے راشن اور 10ہزار سے زائد شیلٹر فراہم کئے ہیں اور اب تک 17500افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ہزار کلو میٹر سڑکیں، 2 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں متاثر ہوئی ہیں جبکہ بارشوں سے 6070 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے بتایا کہ 111 افراد جاں بحق، ایک ہزار زخمی جبکہ 50ہزار گھر متاثر ہوئے ہیں، پورے بلوچستان میں 10 اضلاع زیادہ جبکہ 14 نارمل متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں 30 برس سے 500 فیصد زائد بارشیں ہو ئی ہیں۔
امدادی سرگرمیوں کیلئے آرمی ایوی ایشن کے 2 ہیلی کا روانہ کردیے گئے، آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے آرمی ایوی ایشن کے 2 ہیلی کاپٹرکراچی سےلسبیلہ اوراوتھل کےعلاقوں میں امدادی کاموں کیلئے روانہ کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی او سی نے گوادر میں ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں کی خود نگرانی کی، متاثرہ علاقوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف متاثرین کوطبی امداد فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان میں سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں فوجی دستوں کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں، متاثرہ افراد کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے 2 میڈیکل کیمپ قائم کردیے گئے۔