جولائی میں سیمنٹ کی فروخت 477 فیصد کم ہوگئی

گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 3.899 ملین ٹن رہی تھی


Business Reporter August 02, 2022
سیمنٹ کی برآمدات 66.09فیصد نمایاں کمی کے ساتھ ایک لاکھ 53ہزار517ٹن رہی۔ فوٹو: فائل

جولائی 2022 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 47.7 فیصد کمی سے 2.039 ملین ٹن رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 3.899 ملین ٹن رہی تھی۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اے پی سی ایم اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جولائی 2022 کے مہینے میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 1.88 ملین ٹن رہی جو جولائی 2021 کی 3.44 ملین ٹن فروخت سے 45.28 فیصد کم رہی۔

جولائی کے مہینے میں سیمنٹ کی برآمدات 66.09فیصد نمایاں کمی کے ساتھ ایک لاکھ 53ہزار517ٹن رہی جو گزشتہ سال جولائی میں 4لاکھ52ہزار 777ٹن رہی تھی۔ جولائی 2022 میں، ملک کے شمالی حصوں میں قائم سیمنٹ فیکٹریوں کی مجموعی فروخت 1.68 ملین ٹن رہی جو جولائی 2021 میں 3.02 ملین ٹن سیمنٹ کی مجموعی فروخت سے 44.3 فیصد کم ہے۔

جنوب میں واقع ملوں کی جولائی 2022 کے دوران مجموعی فروخت 3 لاکھ 52ہزار747 ٹن رہی جو جولائی 2021 کے دوران کی گئی 8لاکھ 71ہزار 601 ٹن فروخت کے مقابلے میں 59.53 فیصد کم ہے۔ جولائی 2022 میں، شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی مقامی مارکیٹ میں فروخت 1.61ملین ٹن رہی جو جولائی 2021 میں 2.89 ملین ٹن کی فروخت سے 44.11 فیصد کم رہی۔

جنوب میں واقع سیمنٹ فیکٹریوں نے جولائی 2022 کے دوران مقامی مارکیٹ میں 2لاکھ 69ہزار 477 ٹن سیمنٹ فروخت کیا جو جولائی 2021 کے دوران 5لاکھ 54ہزار 442 ٹن کی فروخت کے مقابلے میں 51.4 فیصد کم ہے۔ ملک کے شمالی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی جولائی 2022 کے دوران برآمدات 70ہزار247 ٹن تک محدود رہی جو جولائی 2021 کی فروخت ایک لاکھ 35ہزار 618 ٹن کی فروخت کے مقابلے میں 48.2فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

جولائی 2022 کے مہینے میں جنوبی علاقوں کی سیمنٹ فیکٹریوں کی ایکسپورٹ 73.75فیصد کمی سے 83ہزار 270 ٹن تک محدود رہی جو پچھلے سال اسی ماہ کے دوران 3 لاکھ 17 ہزار159 ٹن رہی تھیں۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ روپے کی قدر میں بے حد کمی، سیاسی بے یقینی اور بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ صنعتوں کو سازگار اور مستحکم ماحول مہیا کیا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق موجودہ صورتحال بہت زیادہ تشویشناک ہے اور ملک کو اس بحران سے نکالنے کے لیے حکومت کو موثر حل کے ساتھ فوری اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں