تربیتی کیمپ پہلے روزکرکٹرزانڈورسیشنز تک محدود

بارش کی وجہ سے قذافی اسٹیڈیم کے بجائے ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ


Abbas Raza August 07, 2022
پاکستان شاہینز سے میچ موخر، پریکٹس موسم سے متاثر ہونے کا خدشہ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

تربیتی کیمپ کے پہلے روز قومی کرکٹرز انڈور سیشنز تک محدود رہے جب کہ بارش کے سبب قذافی اسٹیڈیم کے بجائے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کرنا پڑی۔

لاہور میں بارش کی وجہ سے قومی اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کا پہلا روز متاثر ہوا،صبح کے وقت شروع ہونے والی رم جھم میں مسلسل اضافہ ہوتا گیا جس کی وجہ سے قذافی اسٹیڈیم میں پانی جمع ہوگیا، کرکٹرز کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے انڈور ہال میں ٹریننگ کرنا پڑی۔

موسم کی خرابی کے باعث نائب کپتان شاداب خان کی میڈیا ٹاک بھی منسوخ کردی گئی، انڈور ہال میں نیٹ سیشنز میں کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی زیرنگرانی بیٹنگ اور بولنگ کی مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

محمد یوسف نے بیٹرز کو مفید مشورے دیے، ان کی توجہ خاص طور پر مڈل آرڈر اور پاور ہٹرز پر مرکوز رہی، کوچ نے تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے چند اسٹروکس خود کھیل کر بھی دکھائے، فخرزمان، عبداللہ شفیق اور خوشدل شاہ کو اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم نے تھرو بولنگ سے الگ مشق بھی کرائی۔

شان ٹیٹ نے پیسرز کی رہنمائی کرتے ہوئے لائن و لینتھ بہتر بنانے پر کام کیا، چند کھلاڑیوں نے فیلڈنگ سیشنز میں ڈائیو لگاکر گیندوں پر قابو پانے کی مشقیں کیں۔

دورہ نیدر لینڈز کیلیے منتخب قومی ٹیم اور شاہینز کے درمیان پہلا پریکٹس میچ اتوارکو ایل سی سی اے گراؤنڈ شیڈول تھا،مگر اب پیر کو انعقاد ہو گا، اتوار کو کرکٹرز 2 سے 5 بجے تک قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے۔

اسٹاف گزشتہ روز کی بارش کے سبب گیلے گراؤنڈ کو پریکٹس کے قابل بنانے کیلیے سرگرم ہے، بارش کی مداخلت ہوسکتی ہے،پیشگوئی کے مطابق دوپہر کے بعد بادلوں کی آنکھ مچولی میں رم جھم ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں