کامن ویلتھ گیمز ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب

ارشد ندیم نے 90.18 میٹر تھرو پھینک کر کامن ویلتھ گیمز میں نئی تاریخ بھی رقم کی


Muhammad Yousuf Anjum August 08, 2022
فوٹو ٹویٹر

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو کر کے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔

برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔

جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔

ارشد ندیم نے دوسری تھرو کی تو اُسے فاول قرار دیا گیا جس کے بعد انہوں نے تیسری تھرو 88میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔ واضح رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ میں اُن کا ذاتی ریکارڈ86.38 میٹر تھرو تھا۔

تیسری تھرو کے بعد ارشد ندیم آٹھ بہترین تھرورر میں آگئے ٹاپ ایٹ میں آئے، جس کے بعد انہیں مزید تین تھرو دی گئیں۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو 85.9 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن نے چوتھی تھرو 82.74 میٹر پھینکی، اس موقع پر ورلڈ چیمپئن اینڈرس پیٹرس ارشد سے آگے نکل گئے۔

پانچویں باری میں پیٹرس نے 88.64 میٹر تھرو پھینکی اور پھر ارشد ندیم نے 90.18 تھرو پھینکی، بعد ازاں انہوں نے چھٹی باری میں 86 میٹر تھرو پھینکی۔


انتظامیہ نے نتیجہ دیکھنے کے بعد ارشد ندیم کو جیولین تھرو ایونٹ کا گولڈ میڈلسٹ قرار دیا جبکہ سابق عالمی چیمپئن سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن پانے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ میڈل جیتنے کے لیے پورا زور لگاؤں گا۔ ایتھلیٹ کے معالج ڈاکٹر اسد عباس کا کہنا تھا کہ ارشد نوے فیصد فٹ ہے، اسی انجری کے ساتھ اس نے اولمپکس اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا تھا، یہاں ہم نے اس کی فٹنس کو مزید بہتر کرنے پر کام کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یقین ہے کہ ارشد اچھی تھرو کرے گا اور میڈل اپنے نام کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے ایک سو تین رکنی دستے نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی۔ پاکستان اب تک 2 گولڈ، تین سلور اور دو برانز میڈل جیت چکا ہے۔ گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پانچ میڈلز حاصل کیے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں