سندھ پولیس کو چہرے کی شناخت کرنے والے جدید سی سی ٹی وی کیمروں تک رسائی مل گئی

کیمروں کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 10محرم کے مرکزی جلوس اور اس کے اطراف میں نصب کرتےہوئے کریمنل ریکارڈ آفس سے جوڑ دیا گیا


Raheel Salman August 09, 2022
نصب کیے گئے ان کیمروں سے کچھ مجرمان کی نشاندہی بھی کی گئی

سندھ پولیس میں نئی اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل سی سی ٹی وی کیمرے متعارف کرادیے گئے۔محرم الحرام کے جلوس کی نگرانی کےلیے چہرے کی شناخت اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمرے بھی نصب کیے گئے۔

تفصیلات کےمطابق محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔اس سلسلے میں سینٹرل پولیس آفس(سی پی او) میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے بھی مسلسل مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔

سندھ پولیس کی ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی)تبسم عابد نے بتایا کہ شہر بھر میں پولیس کے 2200 کیمرے نصب ہیں۔کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت شہر بھر میں چھ مانیٹرنگ رومز قائم کیے گئے جن سے پورے شہر کی نگرانی جبکہ خصوصاً مرکزی جلوس کی نگرانی کی جاتی رہی۔

ڈائریکٹرآئی ٹی کا کہناتھاکہ اس مرتبہ نئی ٹیکنالوجی اپنائی گئی ہے۔جدید ٹیکنالوجی کےحامل چہروں کی شناخت کرنے والے اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمرے فی الحال پائلٹ پروجیکٹ کے تحت 10محرم کے مرکزی جلوس اور اس کے اطراف میں نصب کیے گئے۔جنہیں کریمنل ریکارڈ آفس(سی آر او)سے جوڑا گیا اور کچھ مجرمان کی نشاندہی بھی کی گئی۔

تبسم عابد کا کہناتھا کہ جیسے ہی کیمرا کسی مجرم کی نشاندہی کرتا ہے تو وہ ایک الرٹ جاری کرتا ہے جبکہ اس شخص کے بارے میں تمام تر معلومات اسکرین پر آجاتی ہے۔اس کا جرم، اس کی گرفتاری و ضمانت سمیت تمام تر تفصیلات موصول ہوجاتی ہیں۔

ڈائریکٹر آئی ٹی نےمزیدبتایا کہ اسی طرح گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پڑھنے والے کیمروں کی تنصیب کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔گاڑی اگر پہلے کبھی چوری یا چھینی گئی ہو یا اس کی گمشدگی کسی بھی صورت پولیس میں رپورٹ کی گئی ہو تو سسٹم الرٹ جاری کرتا ہے۔اس کےعلاوہ گاڑی کے بارے میں مکمل تفصیلات اسکرین پر مل جاتی ہیں جس میں اس کے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سمیت دیگر عوامل شامل ہیں۔ ڈرائیور کی جانب سے بیلٹ لگانے یا نہ لگانے کے بارے میں بھی کیمرا آگاہ کرتا ہے۔

تبسم عابد کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر دونوں اقسام کے 20، 20 کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ ان کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ان کیمروں کا دائرہ کار بتدریج پورے شہر میں پھیلایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پہلے سے نصب شدہ کیمروں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جس کے بعد کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی پرفارمنس میں پہلے سے مزید بہتری آئی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔