سندھ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں 5600سے زائد امیدوار کامیاب

یونین کمیٹی اور یونین کونسل کے چیئرمین وائس چیئرمین کی 668 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے


عامر فاروق August 13, 2022
فوٹو: فائل

سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں 5600 سے زائد کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکشن جاری کردیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سکھر سے وفاقی وزیر خورشید شاہ کے بیٹے زیرک شاہ یو سی وائس چیئرمین، وزیر بلدیات ناصر حسین کے صاحبزادے کومیل حیدر شاہ ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کے رکن، لاڑکانہ سے سابق صوبائی وزیر سہیل سیال کے بھائی شاہ رخ یو سی وائس چیئرمین، میونسپل کمیٹی شکار پور میں وزیر تونائی سندھ امتیاز کے بیٹے فراز شیخ اور بھتیجے فیاض شیخ میونسپل کمیٹی کے رکن بن گئے ہیں ۔

کامیاب ہونے والے امیدواروں میں بلاول بھٹو کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو کے بھائی منیر سومرو رکن میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ، سابق سینیٹر اسلام الدین شیخ کے بیٹے ارسلان اسلام اور بہو انعم شیخ رکن میونسپل کارپوریشن سکھر، وزیر تعلیم سردار شاہ کے بھائی سرفراز شاہ رکن ڈسٹرکٹ کونسل عمر کوٹ شامل ہیں ۔

منتخب نمائندوں میں وزیر جنگلات سندھ تیمور تالپور کے بھائی یونس تالپور رکن ڈسٹرکٹ کونسل عمر کوٹ، پارلیمانی سیکریٹری صحت قاسم سومرو کے بھائی سیف اللہ خالد سومرو اور ان کے صاحبزادے اسد سیف اللہ رکن میونسپل کمیٹی عمر کوٹ کامیاب قرار پائے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی ممتاز جاکھرانی کے صاحبزادے نیک محمد جیکب آباد کی یو سی چیئرمین، پیپلز پارٹی نواب شاہ کے صدر علی اکبر جمالی رکن ڈسٹرکٹ کونسل شہید بینظیر آباد، پیپلز پارٹی کے رہنما جام تماچی انٹر اور ان کے صاحبزادے جام تمریز شہید بینظیر آباد سے رکن ڈسٹرکٹ کونسل، رکن سندھ اسمبلی سرفراز شاہ کے صاحبزادے غلام مرتضی ممبر میونسپل کمیٹی کنڈھ یارو منتخب ہوئے ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق یونین کمیٹی اور یونین کونسل کے چیئرمین وائس چیئرمین کی 668 نشستوں پر پیپلز پارٹی جبکہ جی ڈی اے کے چئرمین وائس چیئرمین کی نشستوں پر 90امیدوار کامیاب ہوئے،پی ٹی آئی اور جے یو آئی نے 12,12, ایم کیو ایم 3 اور نون لیگ نے 1 نشست پر کامیابی حاصل کی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین وائس چیئرمین کی 61 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ڈسڑکٹ کونسلز کی 622 نشستوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے، 89 جے ڈی اے, 10 پی ٹی آئی, 8 جے یو آئی, 1 سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور 55 نشستیں آزاد امیدواروں نے حاصل کیں۔

ںوٹیفکیشن کے مطابق وارڈ ممبر کی 3207 پر پیپلز پارٹی اور 545 پر جی ڈی اے نے کامیابی سمیٹی، 130 پر جے یو آئی, 122 پر پی ٹی آئی اور 37 پر ایم کیو ایم پاکستان کو کامیابی ملی، 12 پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی, 9 پر نون لیگ اور 1 نشست پر پی ایس پی کے امیدوار کامیاب ہوئے، وارڈ ممبر کی 422 نشستوں پر آزاد امیدوار فتحیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کا انعقاد 26 جون 2022 کو ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں