پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا


Sports Reporter August 16, 2022
فوٹو: انٹرنیٹ

LONDON: پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین سیریز کے پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ آج روٹرڈیم شہر میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ دو میچز 18 اور 21 اگست کو روٹرڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

بابراعظم کی زیرقیادت قومی کرکٹ ٹیم اگر اس سیریز میں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے تو وہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔ دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابراعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری اسکور کردیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔ اسی طرح وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

گوکہ اس سیریز کے ابتدائی دو میچز میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوگی تاہم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔

روٹرڈیم میں موجود قومی اسکواڈ نے گزشتہ روز شیڈیم کرکٹ گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کیا، پیر کو بارش کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل صرف بیٹرز نے انڈور پریکٹس کی۔

کپتان بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ نیدرلینڈز آنے پر بہت خوش ہیں۔ یہاں کا موسم اور مہمان نوازی بہت اچھی ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ وہ گزشتہ دو ماہ سے نیدرلینڈز کرکٹ ٹیم کو فالو کررہے ہیں۔ وہ یہاں بسنے والے لوگوں کی کرکٹ سے محبت سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ کرکٹ سیریز اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کا سبب بنے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ری ہیب جاری ہے اور وہ کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی دراصل نوجوان فاسٹ باؤلرز کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا سنہری موقع ہے۔

انہوں نے فینز کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ فینز کو دونوں ٹیموں کے درمیان اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:

بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں