حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں ڈیڑھ سال کیلیے پانی کا ذخیرہ

کیماڑی اورگڈاپ کے ڈیموں میں بھی ذخیرہ ہونے سے زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہوگیا ہے، زرعی علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا


Syed Ashraf Ali September 14, 2012
کیماڑی اورگڈاپ کے ڈیموں میں بھی ذخیرہ ہونے سے زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہوگیا ہے، زرعی علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا ، ڈیزائن : علی دراب اور جمال خورشید

حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں سال سے ڈیڑھ سال کیلیے پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے۔

جبکہ کیماڑی اور گڈاپ کے ڈیموں میں بھی برساتی پانی کا ذخیرہ ہوچکاجس سے زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہوا ہے، ڈیموں میں پانی ذخیرہ ہونے اور زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہونے سے اطراف کی آبادیوں کو پانی کے حصول میں آسانی ہوگی اور اس سے زرعی علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور اسکے مضافات، زیریں سندھ اور بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں سال سے ڈیڑھ سال کیلیے پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے، گڈاپ اور کیماڑی میں قائم 15 سے زائد چھوٹے بڑے ڈیموںمیں بھی برساتی پانی کا ذخیر ہ ہوچکا جس سے زیرزمین پانی کا لیول اونچا ہوا ہے۔

زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہونے سے اطراف کی رہائشی آبادیوں کو پانی کے حصول میں آسانی ہوگی، زرعی علاقوں میں زرخیزی آئیگی، حب ڈیم کے متعلقہ افسر نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے حب ڈیم میں9فٹ سے زائد پانی کا اضافہ ہواجس سے ریزروائر لیول319.2فٹ ہوگیاجو کراچی اور بلوچستان کے علاقوںکو ایک سال سے ڈیڑھ سال تک کیلیے پانی فراہم کرسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حب ڈیم سے کراچی کو100 ملین گیلن یومیہ اور لسبیلہ کے صنعتی ورہائشی اور زرعی علاقوں کیلیے 60ملین گیلن روزانہ فراہم کیا جاتا ہے، حب ڈیم کا Catchment Area وسیع ہے جس کی رینج سندھ وبلوچستان کے کیرتھر اور پب تک محیط ہے، مجموعی طور پر کیچمنٹ ایریا3 ہزار 410 اسکوائر میل ہے جبکہ ریزروائر ایریا30اسکوائر میل پر محیط ہے۔

ڈیم کی اونچائی125فٹ ہے اور پانی جمع کرنے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش339ریزروائر لیول ہے جبکہ سیلابی لیول346 فٹ ہے جس کے بعد ڈیم سے پانی اوور اسپل ہوجائے گا، متعلقہ انجینئر نے کہا کہ اگر مون سون کے دوران ڈیم میں 339ریزروائر لیول پانی جمع ہوجائے تو4سال تک کراچی اور لسبیلہ کے لیے پانی ذخیرہ ہوجائیگا، حالیہ بارشوں میں گڈاب اور کیماڑی میں15 سے زائد ڈیموں میں برساتی پانی جمع ہوچکا ہے۔

متعلقہ افسران نے بتایا کہ حالیہ بارشوں میں تھڈو، موہل،کہن جنگ، کاٹھور، کار ندی،بیرو بروہی،موہی دان اور دریا خان، کورندی ون کور ندی ٹو، مبارک ویلیج، لال بھکر اور دیہہ اللہ بنوں اور دیگر مقامات پر چھوٹے بڑے ڈیموں میں برساتی پانی جمع ہوچکاجس سے زیر زمین پانی کا لیول اونچا ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں