ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ ایشیا پیسیفک ریجنل الائنس کیلئے بورڈ ممبر نامزد

انٹر نیشنل کونسل آف میوزیم نے پاکستانی ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے سرگرم ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کی خدمات کو سراہا ہے


آصف محمود August 24, 2022
—فوٹو:

انٹر نیشنل کونسل آف میوزیم (آئی سی او ایم) نے ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کو ایشیا پیسیفک ریجنل الائنس کیلئے بورڈ ممبر نامزد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کونسل آف میوزیم (آئی سی او ایم) نے پاکستانی ثقافتی ورثے، نوادرات اور عجائب گھروں کے تحفظ کیلئے سرگرم ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایشیا پیسیفک ریجنل الائنس کیلئے بورڈ ممبر نامزد کردیا ہے۔

ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کنیئرڈکالج فار ویمن میں بطور پرنسپل خدمات سر انجام دی رہی ہیں اور انٹرنیشنل کونسل آف میوزیم پاکستان چیپٹر کی کنٹری چیئر بھی ہیں۔

خیال رہے کہ آئی کون پاکستان عجائب گھروں کی قومی تنظیم ہے جوعالمی میوزیم کمیونٹی کے اشتراک سے پاکستان سے سرگرم ہے۔ عالمی میوزیم کمیونٹی (آئی سی او ایم گلوبل ) کے زیر اہتمام 172 ممالک میں 20ہزار سے زائد میوزیم چل رہے ہیں جن میں 35ہزار سے زائد سرگرم کارکن 31 کمیٹیوں میں اپنی خدمات سر انجام دہے رہے ہیں۔

اس گلوبل تبظیم نے ایشیا پیسیفک ریجنل الائنس میں ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کو بورڈ ممبر منتخب کیا ہے۔ عالمی میوزیم کمیونٹی نے خطرات سے دوچار اور معدوم ہوتے ثقافتی ورثے اور نوادرات کے تحفظ کیلئے ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کی کوششوں اور لگن کو خصوصی طور پر سراہا ہے۔

ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ اقوام متحدہ کنونشن 2005کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں ثقافتی روایات، آرٹ اینڈ کرافٹ اورمختلف علاقائی فنون کو محفوظ بنانے اور انکی ترویج میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

آئی کام پاکستان کے اراکین نے ایشیا پیسیفک ریجنل الائنس میں ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ کی نامزدگی کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹر رخسانہ کی قیادت میں عجائب گھروں، معدوم ہوتی ثقافتی روایات اور نوادرات کے تحفظ کا عمل مزید بہتر ہوجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔