ڈالر کی انٹربینک قیمت 220 اور اوپن ریٹ 230 روپے ہوگئے

ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں 1.25 روپے اور اوپن ریٹ میں 50 پیسے اضافہ ہوا


Ehtisham Mufti August 26, 2022
ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں 1.25 روپے اور اوپن ریٹ میں 50 پیسے اضافہ ہوا (فوٹو : فائل)

ڈالر کے انٹربینک نرخ 220 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن نرخ 230 روپے کی سطح پر آگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو نقد فنڈ کی فراہمی کے بجائے سرمایہ کاری میں دلچسپی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث ڈالر کی پرواز جمعہ کو بھی جاری رہی۔

انٹربینک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے سبب کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 221 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.25 روپے کے اضافے سے 220.66 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 230 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ بعض بینکوں کی جانب سے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں کمی کی اطلاعات مارکیٹ میں زیرگردش ہیں جس سے خدشہ ہے کہ اگست میں ترسیلات زر مزید گھٹ جائیں گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اشیائے تعیش کی درآمدات پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ ان کی درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھولے جانے کے دباؤ سے ڈالر تگڑا اور روپیہ کمزور ہورہا ہے جبکہ سعودی عرب کی تیل کی پیداوار میں کمی سے خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کے رجحان سے بھی روپیہ کمزور ہورہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں