فوج مخالف بیانات لیگی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر
درخواست میں نوازشریف، مریم نواز، خواجہ آصف اور ایاز صادق کو نامزد کیا گیا ہے
ماضی میں پاک فوج کے خلاف نازیبا بیانات اور نعرے بازی مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف، بیٹی مریم نواز سمیت دیگر لیگی قائدین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست تھانہ گرین ٹاؤن میں جمع کرادی گئی۔
لاہور کے تھانے گرین ٹاؤن میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خواجہ آصف، ایاز صادق، پرویز رشید، نوازشریف اور مریم نواز نے پاک فوج کے خلاف بیانات دیے۔
مزید پڑھیں: ججز کو دھمکیاں دینے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج
درخواست پاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیدار اور جنرل کونسلر ایڈوکیٹ محمد جمیل سلیم نے جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ لیگی رہنماؤں نے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر کے دشمن قوتوں کو خوش کیا۔
درخواست گزار ایڈوکیٹ محمد جمیل سلیم نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز نے پارٹی پروگراموں اور عوامی جلسوں میں فوج مخالف نعرے بازی کرائی جبکہ خواجہ آصف، ایاز صادق اور پرویز رشید نے بھی سپہ سالار کے خلاف بیانات دیے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز، رانا ثناء، مولانا فضل الرحمان اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست
پولیس نے درخواست وصول کرنے کے بعد کارروائی شروع کردی۔ ایس ایچ او نے کہا کہ کارروائی کے بعد مقدمہ درج کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔