کراچی میں دن دیہاڑے نجی بینک کے برانچ مینجر کا قتل

مقتول مینیجر کی شناخت 70 سالہ مقبلی خان کے نام سے ہوئی ہے


Munawar Khan August 25, 2022
فوٹو اسکرین گریپ

شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بینک کے باہر کھڑے ہوئے برانچ مینجر کو نامعلوم شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں قائم نجی بینک کے باہر فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش موقع پر موجود افراد نے بذریعہ گاڑی عباسی شہید اسپتال منتقل کی جہاں ڈاکٹرز نے موت کی تصدیق کی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اس حوالے سے انھوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 70 سالہ مقبلی خان کے نام سے کی گئی جو کہ نجی بینک میں بطور برانچ مینجر ملازمت کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بینک کے باہر آکر کھڑا ہوا تھا، فائرنگ کے بعد مسلح گارڈ نے کوئی مزاحمت نہیں کی بلکہ خوفزدہ ہوکر کھڑا رہا اور پھر وہاں سے پیچھے ہٹ گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ مقتول کے بیٹے نے اسپتال میں پولیس کو بیان دیا ہے کہ ان کی خاندانی دشمنی چل رہی ہے اور مذکورہ واقعہ اسی سلسلے کڑی معلوم ہوتا ہے، انھوں نے مزید بتایا کہ مقتول کے ملنے والے شناختی کارڈ پر ان کا پتہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ گلی نمبر 10 غوری پیلس فلیٹ نمبر 501 جبکہ اس کا آبائی تعلق اویزئی پشاور درج ہے۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ موٹرسائیکل پر آنے والا شخص اتر کر پیدل مقبلی خان کے پاس آیا اور اُس نے اسلحہ لہرا کر سیکیورٹی گارڈ کو اندر جانے کی ہدایت کی جس پر وہ بینک میں چلا گیا۔

ملزم نے جب فائرنگ کی تو بینک مینجر جان بچانے کے لیے بینک کے ساتھ گلی میں بھاگا تو اس دوران مسلح شخص اُس کے پیچھے گیا اور مزید گولیاں برسائیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں ہو سکا کہ وہ ملزم کا ساتھی تھا یا کوئی راہ گیر تاہم اس پہلو پر بھی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں