راولپنڈی پولیس کی کارروائی خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرنے والا جعلساز گرفتار
ملزم کی سرکاری نمبر پلیٹ گاڑی، جعلی کارڈ اور اسلحہ بھی ضبط کرلیا گیا
راولپنڈی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حساس ادارے کے جعلی افسر کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک شخص کو روکا تو اُس نے اپنا تعارف حساس ادارے کے افسر پر کروایا۔
اہلکاروں نے جب اُس سے ثبوت مانگے تو اُس نے جعلی کارڈ دکھایا جس پر پولیس افسر کو شک ہوا اور جب تصدیق ہوئی تو معلوم ہوا کہ ملزم حساس ادارے کا اہلکار نہیں ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت شاہزیب کے نام سے ہوئی، جس کے زیر استعمال سرکاری نمبر پلیٹ گاڑی، اسلحہ، جعلی کارڈ اور دیگر اشیاء بھی قبضہ میں لے لی گئیں۔
ایس پی پوٹھوہار نے بتایا کہ ملز م سے مزید تفتیش جاری ہے، گرفتار ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔