ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کامران ٹیسوری کی واپسی پر اختلافات کا شکار

رابطہ کمیٹی سمیت ممبران اسمبلی کا کہنا ہے کہ فیصلے 4 لوگوں نے ہی کرنے ہیں تو ہم گھر بیٹھ جاتے ہیں،ذرائع


نعیم خانزادہ September 10, 2022
فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی پر مشتمل قیادت کامران ٹیسوری کی واپسی پر اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اہم پارٹی عہدیداروں نے کامران ٹیسوری کی واپسی پر تحفظات کا اظہارکرتے ہو ئے کہا کہ اگر پارٹی کے فیصلے 4 لوگوں نے کرنے ہیں تو ہم گھر بیٹھ جاتے ہیں۔

پارٹی ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ایک متنازعہ شخص کو واپس لیا اور اہم عہدہ بھی دے دیا گیا، پارٹی قیادت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نا کی تو ہم فیصلہ کرنے میں آزاد ہوں گے۔

اراکین رابطہ کمیٹی اور ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ مشکل حالت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے لیکن پارٹی میں فرمائشی پروگرام نہیں چلے گا۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کے 4 اہم رہنماؤں نے چند روز قبل کامران ٹیسوری کو پارٹی میں واپس لیا اور ڈپٹی کنوینئر کا عہدہ بھی دے دیا۔

ناراض پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 5 فروری 2018 کو کامران ٹیسوری کی وجہ سے ایم کیو ایم بہادر آباد اور پی آئی بی میں تقسیم ہوگئی تھی جس کا خمیازہ 2018 کے عام انتخابات میں نتائج کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

ذرائع نے بتا یا کہ 4 اہم رہنماؤں نے باہمی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا اور رابط کمیٹی، اراکین اسمبلی، سینیٹرزاور پارٹی کے ذمہ داران کی رائے لینے کی ضرورت بھی محسوس نہیں کی۔

ایم کیو ایم کا بڑا حصہ کامران ٹیسوری کی واپسی پر ناراض ہے چند اہم رہنماؤں نے واضع طور پر 4 اہم رہنماؤں کو پیغام دے دیا ہے کہ اگر کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر اور پارٹی سے فارغ نہیں کیا گیا تو وہ فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔

ذرائع کے مطابق کامران ٹیسوی کو واپس لانے والے رہنماؤں نے ناراض قیادت کو بتایا ہے کہ صرف 15 دن انتظار کریں بہت مثبت پیش رفت ہوگی، فیصلہ بہت سوچ بیچار کرکے کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیو ایم کی قیادت میں شدید نوعیت کے اختلافات ہوگئے ہے جن کو بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، وفاقی وزیر امین الحق نے اورنگی ٹاون میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم جمہوری پارٹی ہے اس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین اختلاف رائے کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کامران ٹسوری اور حالیہ اجلاس کے فیصلوں پر ایک اور فل کورم اجلاس بلایا جائے گا، فل کورم رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین کے اختلافات اور فیصلوں پر بات چیت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم میں لوگ آتے اور جاتے رہے لیکن پارٹی اسی طرح قائم رہی،نائن زیرو ہو یا کوئی بھی اور جگہ اگر کہیں مشکوک واقعہ ہوتا ہے تو اسکی غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہیئے۔

دوسری جانب رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ رابطہ کمیٹی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں ایسی تمام گمراہ کن خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہیں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔

رابطہ کمیٹی کے تمام اراکین کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہےکوئی بھی متفقہ فیصلہ اجتماعی مفادات اور مضمرات کو پیش نظر رکھ کر کیا جاتا ہے، رابطہ کمیٹی اپنے تمام تر فیصلے باہمی مشاورت سے کرتی ہے۔

رابط کمیٹی نے میڈیا نمائندگان سے گزارش کی ہے کہ کوئی بھی خبر نشر کرنے سے پہلے اسکی تصدیق ضرور کریں،

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں