اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 7 ارب روپے ڈوب گئے

مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ گھٹ کر 68 کھرب 54ارب 52کروڑ 81 لاکھ 38ہزار 914روپے ہوگیا


Ehtisham Mufti September 17, 2022
گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر مندی رہی (فوٹو فائل)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران مندی رہی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے ایک کھرب 7 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔

معیشت سدھارنے، برآمدات بڑھانے کی منصوبہ بندی نہ ہونے اور روپے کی بدترین تنزلی سے گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کے بادل چھائے رہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی سے نہ صرف مایوسی بڑھی بلکہ سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اختیار کرتے ہوئے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں مندی چھائی رہی، سرمایہ کاروں میں مایوسی

گزشتہ ہفتے 4 سیشنز میں مندی جب کہ ایک سیشن میں ملاجلا رحجان رہا۔ سیلاب سے معیشت پر منفی اثرات کے خدشے سے کاروباری حجم بھی کم رہا۔ مجموعی طور پر مندی کے سبب سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 7ارب 26کروڑ 15لاکھ 34ہزار 760روپے ڈوب گئے، جس سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ بھی گھٹ کر 68 کھرب 54ارب 52کروڑ 81 لاکھ 38ہزار 914روپے ہوگیا۔

ہفتہ وار کاروبار میں 100 انڈیکس 268.67 پوائنٹس گھٹ کر 41679.49 پر بند ہوا جبکہ کےایس ای 30 انڈیکس 85.75 پوائنٹس گھٹ کر 15684.87پر بند ہوا۔ کے ایم آئی 30انڈیکس 60042 پوائنٹس گھٹ کر 68619.28 پر بند ہوا اور کے ایم آئی پی ایس ایکس انڈیکس 259.67 پوائنٹس گھٹ کر 20990.37 پر بند ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں