کراچی میں ڈینگی مچھروں کی یلغار کیسز 4600 سے تجاوز کرگئے 11 جاں بحق
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 324 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ دو مریض دوران علاج دم توڑ گئے
شہر قائد میں ڈینگی وائرس کے سبب شہریوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید دو مریض دم توڑ گئے، دونوں کا تعلق ضلع وسطی سے تھا، جس کے بعد ڈینگی سے جاںبحق ہونے والے افراد کی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبے سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں ہولناک اضافہ ہورہا ہے،رواں سال شہر میں ڈینگی سے متاثرہ 11 مریض دم توڑ گئے ہیں،گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں ڈینگی کے مزید 2 مریض جاںبحق ہوچکے ہیں۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی کے کیسز کی تعداد 4 ہزار 6 سو سے تجاوز کرکے 4676 تک جاپہنچی ہے۔
شہر میں ستمبر میں اب تک ڈینگی وائرس کے 2469 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں ڈینگی کے 324 کیسز رپورٹ ہوئے،
رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی کے 5203 کیسز منظر عام پر آچکے ہیں۔ ضلع شرقی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 132 کیسز منظر عام پر آئے جس کے بعد ضلع شرقی میں رواں ماہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 974 ہوگئی جبکہ ضلع میں 2022 میں اب تک ڈینگی کے 1873 کیسز رپورٹ کیے جاچکے ہیں۔
ضلع وسطی میں ڈینگی کے 69 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع وسطی سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 500 ہوچکی ہے،2022 میں ضلع وسطی میں 1012 ڈینگی کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ کورنگی میں ڈینگی کے 42 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 327 ہوچکی ہے جس کے بعد رواں سال کورنگی میں 450 ڈینگی کیسز رونما ہوچکے ہیں۔
ضلع جنوبی میں ڈینگی کے 52 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 429 ہوچکی ہے،رواں سال ضلع جنوبی میں 836 ڈینگی کیسز منظر عام پر آئے ہیں۔ ضلع غربی میں ڈینگی کے 6 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 58 ہوچکی ہے،رواں سال ضلع غربی میں 127 ڈینگی کیسز منظر عام پر آئے ہیں۔
ملیر میں ڈینگی کے 13 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 107 ہوچکی ہے،رواں سال ملیر میں 215 ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں کیماڑی میں ڈینگی کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد ستمبر میں ضلع میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 74 ہوچکی ہے،رواں سال کیماڑی میں 163 ڈینگی کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
اُدھر محکمہ صحت سندھ نے ڈینگی کا ڈیٹا جمع کرنے کے لیئے آن لائن پورٹل بنادیا۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق زیادہ تر نجی اسپتال اور تشخیصی لیبارٹریز محکمہ صحت سندھ کو ڈینگی بخار کے کیسز کی رپورٹ نہیں کرتے ہیں، اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ نے سندھ پریوینشن اینڈ کنٹرول آف ڈینگی ریگولیشن 2013 کو مطلع کردیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق صوبے میں کیسز کا ڈیٹا اکٹھا کرنا سندھ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول ریگولیشن کا ایک لازمی جزو ہے،جس کے تحت تمام اسپتالوں اور لیبارٹریوں کی انتظامیہ اور مالکان کو فوری طور پر متعلقہ حکام کو رپورٹ کرنا ہوگی۔ محکمہ صحت سندھ کے ڈائریکٹوریٹ آف ویکٹر بورن ڈیزیز نے ڈینگی کیسز کی بروقت رپورٹنگ کے لیے نجی اسپتال اور لیبارٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر کیسز کا ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے آن لائن پورٹل ویکٹر بورن ڈیزیز سرویلنس سسٹم فراہم کردیا ہے۔