کراچی میں ڈینگی کا پھیلاؤ اسکولوں میں اسمبلی و پی ٹی سیشن معطل

واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ڈینگی کے 4676 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں


دعا عباس September 18, 2022
فوٹو فائل

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کیلئے تمام اسکولوں میں اسمبلی اور پی ٹی سیشن معطل کردیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ڈینگی اور ملیریا کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے جس سے بچاؤ کیلئے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی جانب سے کراچی کے اسکولوں کے لیے ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔

کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی اسکولوں پر ہوگا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمشنر کراچی نے ایک ماہ کیلئے تمام اسکولوں میں اسمبلی اور پی ٹی سیشن پر پابندی لگا دی ہے جب کہ طلباء کو فل آستین کی شرٹس پہن کر اسکول آنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسکول مستقل بنیادوں پر ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کے اسپرے کرانے کے پابند ہوں گے اور ملیریا اور ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کریں۔

واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال ڈینگی کے 4676 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، شہر میں رواں سال 11 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں