پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی100 انڈیکس میں 150سے زائد پوائنٹس کی کمی
مندی کے سبب 65فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 22ارب 45کروڑ 23لاکھ 83ہزار 786روپے ڈوب گئے
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کارباری ہفتے کے آغاز پرمندی کا رجحان رہا 100 انڈیکس 158.90پوائنٹس کی کم ی کے بعد 41520.59 کی سطح پر بند ہوا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ایس ایکس میں پیر کے روز اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے،انڈیکس کی 41700 اور 41600پوائنٹس کی دوحدیں بھی گرگئیں۔
کاروبار کے دوران مندی کے سبب 65فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 22ارب 45کروڑ 23لاکھ 83ہزار 786روپے ڈوب گئے، مارکیٹ میں کاروباری دورانیئے میں ایک موقع پر 217پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران فوری منافع کے حصول کا رحجان غالب ہونے سے جاری تیزی ایک موقع پر 177پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی۔
تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 158.90 پوائنٹس کی کمی سے 41520.59پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 45.39 پوائنٹس کی کمی سے 15603.06، کے ایم آئی 30 انڈیکس 320.29پوائنٹس کی کمی سے 68298.99 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 113.68پوائنٹس کی کمی سے 20876.69 پر بند ہوا۔
کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 32.43فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 14کروڑ 82لاکھ 14ہزار 458 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 331 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 93 کے بھاؤ میں اضافہ 215 کے داموں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ٹریڈنگ کے دوران جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں اینگرو ایس ای پی بی کے بھاؤ 55.72روپے بڑھکر 798.73روپے اور سفائر فائبر کے بھاؤ 69.82روپے بڑھکر 1000.82روپے ہوگئے جبکہ بھنیرو ٹیکسٹائل کے بھاؤ 90.18روپے گھٹ کر 1112.32روپے اور سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ 78.15 روپے گھٹ کر 1091.01روپے ہوگئے۔