نیپرا کا ٹیلی کام کمپنیوں کو صنعتی ٹیرف دینے سے انکار

ٹیلی کام انڈسٹری نے نیپرا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا عندیہ دے دیا


Business Reporter September 20, 2022
نیپرا نے صنعتی ٹیرف نہ دیا تو ٹیلی کام خدمات کی صارفین کیلیے قیمت بڑھ جائے گی۔ (فوٹو فائل)

نیپرا نے ٹیلی کام کمپنیوں کو صنعتی ٹیرف دینے سے انکار کر دیا۔

ٹیلی کام انڈسٹری نے نیپرا کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا ہے۔ ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق ٹیلی کام شعبے کو صنعت کا درجہ حاصل ہے اس کے باوجود نیپرا نے ٹیلی کام کمپنیوں کو بجلی کا صنعتی نرخ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

پارلیمنٹ سے منظور شدہ فنانس بل 2021 میں بھی ٹیلی کام کو صنعت تسلیم کیا گیا ہے۔ نیپرا نے ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے دائر کمرشل سے صنعتی بجلی نرخ میں تبدیلی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

ٹیلی کام کمپنیوں کو بھاری ٹیکسوں کی ادائیگی کیلیے صنعت سمجھا جاتا ہے لیکن صنعتوں کو میسر بجلی کے ٹیرف سے ٹیلی کام کے شعبے کو محروم رکھا جا رہا ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں نے نیپرا کے فیصلے کو قانونی لائحہ عمل کے تحت چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے برعکس ٹیلی کام کمپنیاں ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل کا بوجھ اپنے صارفین پر نہیں ڈالتیں، بجلی کی قیمتوں میں بتدریج اضافے کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں کی آپریشنل لاگت بھی بے حد بڑھ چکی ہے۔

اگر نیپرا نے ٹیلی کام انڈسٹری کو صنعتی ٹیرف نہ دیا تو ٹیلی کام خدمات کی صارفین کے لیے قیمت بھی بڑھ جائے گی جس سے ملک میں ڈیجیٹل سہولتوں کو عام کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں