کراچی میں جرائم کی صورت حال تشویشناک نہیں مرتضیٰ وہاب
عض واقعات کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے زیادہ سامنے لایا گیا، چند بڑے واقعات ضرور ہوئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں جرائم کی صورتحال تشویشناک نہیں ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جرائم کے واقعات ہوئے، بعض واقعات کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی وجہ سے زیادہ سامنے لایا گیا، چند بڑے واقعات ضرور ہوئے ہیں ۔ شہر میں اسٹریٹ کرائمز سمیت جرائم کے دیگر واقعات کے حوالے ایڈیشنل آئی جی سے رابطے میں رہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرائم کے تناسب کا موازنہ کیا جائے تو اتنی خراب صورتحال نہیں ہے،شہریوں کو ان کے جانوں اور مال کے تحفظ کا احساس دلانے کے لیے پولیس اور نگرانی کے نظام کو بہتر بنایا جانا چاہیے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی چیمبر میں ایڈیشنل آئی جی پولیس جاوید اوڈھو کے بیان کو غلط مفہوم دیا گیا، تاہم ان کو لفظوں کام مناسب چناؤ کرنا چاہیے تھا۔ ماضی کے تلخ تجربات کے باوجود ہمیشہ قومی کرکٹ ٹیم کی جیت چاہتے ہیں، کرکٹ اور سیاست کو ہمیشہ کے لیے الگ کردینا چاہیے، کرکٹ دکھی پاکستانیوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہی ہے،ماضی کی نسبت سیکورٹی صورتحال بہت بہتر ہے،اب میچ کے لیے سڑکیں بند نہیں کی جاتیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ صدرمملکت سے دور کی رشتہ داری ہے،وہ میرے بزرگ ہیں، ان کا ہمیشہ احترام کیا ہے، نیشنل اسٹیڈیم کو شائقین سے بھرا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ،پی ایس ایل کے کامیاب میچز نے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھولے ہیں، جس کی کامیابی میں سندھ حکومت کا کردار رہا ہے۔