کراچی میں سیلاب متاثرین کیلئے خیمہ بستی قائم
ٹینٹ سٹی میں تیرہ سو خیمے لگادیئے گئے ہیں،مزید تین ہزار ٹینٹس لگانے کی گنجائش موجود ہے،حکام
سندھ حکومت نے کراچی نیشنل ہائی وے سسی ٹول پلازہ کے قریب ضلع ملیر کے علاقے میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیلاب متاثرین کے لئے ایم ڈی اے کی زمین پر ٹینٹ سٹی قائم کردیا ہے۔
ایکسپریس کے مطابق ٹینٹ سٹی کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور اب تک تیرہ سو خیمے لگادیئے گئے ہیں، جبکہ سو ایکڑ زمین پر تین ہزار ٹینٹس لگانے کی گنجائش موجود ہے۔
حکومت کی طرف سے لگائے گئےایک ٹینٹ میں ایک فیملی رہائش پذیر ہوگی جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید ٹینٹس لگائے جائیں گے جہاں سیلاب زدگان کے لئے بجلی، پانی، واش رومز، سیوریج کے نظام سمیت صحت و صفائی کا بندو بست کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر، ملیر عرفان سلام کے مطابق سیلاب متاثرین کو ایک سے دو روز میں منتقل کرنا شروع کردیں گے،متاثرین کے کھانے کی ذمے داری دعوتِ اسلامی کو دی گئی ہے جبکہ ڈی سی کیمپ آفس،پولیس چوکی اورعارضی اسکول بھی قائم کیا جارہا ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق سیلاب متاثرین اس ٹینٹ سٹی میں اُن کے آبائی علاقوں میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک رہیں گے اور جن متاثرین کے علاقوں میں سیلابی پانی کی نکاسی مکمل ہوگی انہیں ٹرانسپورٹ دیکر منتقل کیا جاتا رہے گا،سندھ حکومت کے ساتھ فلاحی ادارے بھی سیلاب زدگان کی خدمت میں مصروف ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ خیمہ بستی کے لئے استعمال ہونے والے ٹینٹس سرد موسم میں بھی کارآمد ہوں گے، کراچی کے مختلف علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں سیلاب متاثرین کے لیے 32 ریلیف کیمپس میں سولہ ہزار سے زائد افراد مقیم ہیں جنہیں اس ٹینٹ سٹی میں منتقل کیا جائے گا-