خوراک چمڑے پٹرولیم اور فارما مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ

ٹیکسٹائل 8 فیصد بہتری سے 9.15 ارب ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات 34 ہزار 425 فیصد بڑھ کر 52 کروڑ ڈالر کی برآمدریکارڈ کی گئی


Business Desk March 23, 2014
اسپورٹس گڈز 2.5، خام چمڑا 17.7، لیدر پراڈکٹس 15.8 اور طبی و جراحی آلات میں 7.8 فیصد ایکسپورٹ کی گئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان سے اشیائے خوراک کی برآمدات میں گزشتہ 8ماہ کے دوران 8.56 فیصد، ٹیکسٹائل مصنوعات 8.28 فیصد، پٹرولیم وکوئلے کی برآمدات میں 34ہزار425فیصد، قالین 9.06فیصد، اسپورٹس گڈز2.52 فیصد، خام چمڑے17.69فیصد، چمڑے کی مصنوعات 15.79فیصد، طبی و جراحی آلات 7.84 فیصد، کیمیکل وفارما پراڈکٹس 58.52 فیصد، انجینئرنگ گڈز 22.95 فیصد اور شیرے کی برآمدات میں 20 ہزار554 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران اشیائے خوراک کی برآمدات 3ارب 14کروڑ 73لاکھ 88 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2 ارب 89 کروڑ 91لاکھ 7ہزار ڈالرکی ایکسپورٹ سے 8.56 فیصد زیادہ ہے، اشیائے خوراک میں سے چاول کی برآمدات 22.56فیصد کے نمایاں اضافے سے 1 ارب 45 کروڑ 38 ہزار ڈالر رہی، باسمتی چاول کی ایکسپورٹ 6.08 فیصد بڑھ کر 41 کروڑ 19 لاکھ 92 ہزار ڈالر، دیگر اقسام کے چاول کی برآمدات 30.62 فیصد کے اضافے سے 1 ارب 3 کروڑ 80 لاکھ 46 ہزار ڈالر ہوگئیں، مچھلی اورمچھلی سے تیار مصنوعات کی ایکسپورٹ 11.31 فیصد کے اضافے سے 22کروڑ 23 لاکھ 76 ہزار ڈالر، پھلوں کی برآمدات 22.82 فیصد بڑھ کر33کروڑ 82لاکھ 48 ہزار ڈالر، سبزیوں کی 11فیصد کے اضافے سے 13 کروڑ 89 لاکھ 98 ہزار ڈالر، دالوں کی 85 فیصد کے اضافے سے 28 لاکھ23ہزار ڈالر، تیل داربیجوں کی 213 فیصد کے اضافے سے6کروڑ 72لاکھ 50 ہزار ڈالراور گوشت و گوشت مصنوعات کی برآمدات 11.57 فیصد بڑھ کر 15 کروڑ 83 لاکھ 82 ہزار ڈالر تک پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 8 ماہ میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی ایکسپورٹ8.28 فیصد کے اضافے سے 9 ارب 15 کروڑ 58 لاکھ 11ہزار ڈالر رہی جس میں 16 کروڑ 30 لاکھ 77 ہزار ڈالر کی خام روئی، 1 ارب 37 کروڑ 69 لاکھ 84 ہزار ڈالر کا سوتی دھاگا، 1 ارب 87 کروڑ 90 لاکھ 59ہزار ڈالر کا سوتی کپڑا، 1 ارب 48 کروڑ 7 لاکھ41ہزار ڈالر کی نیٹ ویئر پراڈکٹس، 1 ارب 40کروڑ 86لاکھ 77ہزار ڈالر کی بیڈ ویئر مصنوعات، 48کروڑ 65لاکھ 90ہزار ڈالر کے ٹاولز، 1 ارب25کروڑ 99لاکھ 25ہزار ڈالر کی ریڈی میڈ گارمنٹس شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری تک پٹرولیم مصنوعات کی ایکسپورٹ 34 ہزار 425 فیصد کے اضافے سے51کروڑ 89 لاکھ 10 ہزار ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں صرف 15 لاکھ 3 ہزار ڈالر رہی تھی، قالین کی برآمدات اس دوران 9.06 فیصد بڑھ کر8کروڑ 78 لاکھ 77 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں 8کروڑ 5لاکھ75ہزار ڈالر تھی۔

اس دوران 2.52 فیصد کے اضافے سے 2 کروڑ 11لاکھ 14 ہزار ڈالر کا کھیلوں کا سامان برآمد کیاگیا جس میں فٹ بال کی ایکسپورٹ نے نمایاں کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق خام چمڑے کی برآمد 17.69 فیصد کے اضافے سے 33کروڑ 43لاکھ 44ہزار ڈالر، چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 15.79 فیصد بڑھ کر 42 کروڑ 96لاکھ 63ہزار ڈالر، طبی و جراحی آلات کی برآمدات 7.8 فیصد کے اضافے سے 21کرور 78 لاکھ 40 ہزار ڈالر، کیمیکل وفارما مصنوعات کی برآمدات 58.52 فیصد بڑھ کر 78کروڑ 67لاکھ 37ہزار ڈالر، انجینئرنگ مصنوعات کی برآمدات 23 فیصد کے اضافے سے 20کروڑ 70لاکھ 16ہزار ڈالر رہی تاہم سیمنٹ 11.86 فیصد، گڑ وگڑمصنوعات 47.7 فیصد اور جیولری کی برآمدات میں 74فیصد کمی ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں