دی لیجنڈ آف مولا جٹ فلم 13 اکتوبر کو ریلیز کیلیے تیار
ایگزیکٹو پروڈیوسر نے فلم کے سیٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کر دیں
پاکستانی تاریخ کی مہنگی ترین فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ فلم' 13 اکتوبر کو ریلیز کے لیے تیار ہے، اس حوالے سے ایگزیکٹو پروڈیوسر اسد جمیل خان نے فلم کے سیٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں ہیں۔
پاکستان کی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو دیکھنے کے لیے شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹو پروڈیوسر اسد جمیل خان نے فلم کے سیٹ کی دوران شوٹنگ چند تصاویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیں، تصاویر میں فلم کے چاروں پروڈیوسرز کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اسد جمیل خان پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہیں جو خیبر پختونخوا میں ایک اسپتال بھی چلا رہے ہیں مگر فلم شائقین کو معیاری فلم دینے کے خواب نے انہیں فلم انڈسٹری کا رخ کروایا۔ اسد جمیل فلم کی ایگزیکٹو پروڈیوسر عمارہ حکمت کے شوہر بھی ہے۔
پاکستان فلم انڈسٹری کو بلندیوں تک لے جانے کا عزم لیے اسد جمیل خان کی اہلیہ عمارہ حکمت اور دیگر پروڈیوسرز کے ہمراہ تصاویر دیکھ کر فلم شائقین خوب سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سب سے بڑے بجٹ کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی تیاری میں چار پروڈیوسرز نے اپنا حصہ ڈالا۔ عمارہ حکمت، بلال لاشاری، علی مرتضیٰ اور اسد جمیل خان فلم کی مکمل کرنے میں حصہ دار رہے۔
ماہرہ خان، فواد خان، حمزہ علی عباسی، ہمائمہ ملک، جیسی اسٹار کاسٹ پر مبنی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ 13 اکتوبر کو دنیا بھر کے سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔