اسلام آباد کے سینٹورس شاپنگ مال میں آگ لگائی گئی مقدمہ درج

شاپنگ مال آتشزدگی کی تحقیقات کیلیے 6 رکنی کمیٹی قائم کردی جو تین روز میں رپورٹ پیش کرے گی، ڈپٹی کمشنر


Zaigham Naqvi/staff Reporter October 09, 2022

اسلام آباد میں قائم سینٹورس مال میں اچانک بھڑکنے والی آگ پر امدادی ٹیموں کی بروقت کوششوں سے قابو پالیا گیا، تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج مقدمے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مال کو نامعلوم ملزمان نے آگ لگائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں فوڈ کورٹ میں بنے ریسٹورنٹ کے علاوہ کسی اور دکان کو نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی اس حادثے میں کوئی شخص زخمی ہوا۔

ریسکیو کا عمل

آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں سمیت سینیئر پولیس، انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود تھے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کیا گیا۔

ریسکیو ٹیموں نے شاپنگ مال میں پھنسے افراد کو عقبی راستے ایف ایٹ کی جانب سے باحفاظت نکالا جس کے بعد ٹیمیں مال کے اندر سرچ آپریشن بھی کیا۔ آگ بجھانے کے لیے فائربریگیڈ ریسکیو اور ہیلی کاپٹر کی بھی طلب کی گئیں۔

آگ کی اطلاع موصول ہوتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں جبکہ پاک بحریہ کی ٹیم اور تین فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچیں۔

آگ لگنے کے بعد سینٹورس مال کی تیسری منزل سے دھواں بلند ہوا اور آسمان پر دھوئیں کے بادل دکھائی دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کا واقعہ سینٹورس مال کی تیسری منزل پر واقع ریسٹورنٹ میں لگی۔

شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج

سینٹورس مال میں لگنے والی آگ کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں ایچ او متین چوہدری کی مدعیت میں دفعہ 436 کے تحت درج کرلیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے شاپنگ مال کو نامعلوم وجوہات پر اگ لگائی۔ ٹاور اے شدید آگ کی لپیٹ میں تھا،ریسکیو ادارے آگ بجھانے میں مصروف تھے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے، جو ادارے شامل رہے انکا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، سب سے کوشش تھی لوگوں کو نکلا جائے، تمام لوگوں کو بروقت عمارت سے باہر نکالا گیا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 'کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ماہرین اس عمارت کا معائنہ کریں گے اور پھر رپورٹ آنے کے بعد ہی رہائشیوں کو گھروں پر جانے کی اجازت ہوگی، کمیٹی میں سی ڈی اے کے تکنیکی ماہرین اور مال انتظامیہ کے لوگ شامل کیے جائیں گیے، انتظامیہ کی ٹیم مال کو کارڈن کر کے یہاں موجود ہو گی، جب تک مکمل یقین نہیں ہو جاتا کوئی سرگرمی نہیں ہو سکے گی'۔

ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ کا پتا لگانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، شاپنگ مال کے اند فائر الرزم لگے تھے یا نہیں اس پر بھی کمیٹی تفتیش کرے گی، انکوائری کمیٹی یہ بھی چیک کرنے کی پابند ہے کہ انتظامیہ کا اس وقت کیا رد عمل تھا، کمیٹی اسلام آباد کے باقی مالز اور بلڈنگز میں بھی حفاظتی نظام چیک کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک مال کے حفاظتی نظام کو پوری طرح چیک نہیں کر لیا جاتا تب تک سنٹورس مال سیل رہے گا۔

شاپنگ مال آتشزدگی کے حوالے سے 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سینٹورس شاپنگ مال میں آتشزدگی کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر انڈسٹریل ایریا ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر، سی ڈی اے کے دو ڈائریکٹر، سی ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی 3 روز میں تحقیقات مکمل کر کے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات سے محفوظ رہنے کے لیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔