16 اکتوبر عمران خان کی خیبرپختونخوا سے رخصتی کا دن ہوگا فضل الرحمان

میں دس سالوں سے عمرانی فتنہ کے خلاف فرنٹ لائن پرجنگ کررہا ہوں، سربراہ پی ڈی ایم کا چارسدہ میں جلسے سے خطاب


Shahid Hameed October 13, 2022
فوٹو فائل

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے اعلان کیاہے کہ 16 اکتوبر کا دن عمران خان کے لیے یوم احتساب اور خیبرپختونخوا سے رخصتی کا دن ہوگا کیونکہ ضمنی انتخابات میں پوری قوم اسے مسترد کردے گی۔

این اے 24 چارسدہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پڑانگ اسٹیڈیم میں منعقدہ پی ڈی ایم جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 'میں پی ڈی ایم امیدواروں کوالیکشن میں کامیابی کی پیشگی مبارک باد دہتا ہوں، میں دس سالوں سے عمرانی فتنہ کے خلاف فرنٹ لائن پرجنگ کررہا ہوں، ہمارا جس فتنے سے مقابلہ ہے وہ بے وقوف اور مجنوں ہے، جس کی پشت پر امریکا، یہودی اورقادیانی اور راء ہے اور یہ پاکستان کے خاتمے کی سازش کررہا ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ قوم اس بار اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دے گی، جس اسمبلی کو چھوڑدیا یہ کس منہ سے اس کے لیے پھر الیکشن لڑ رہا ہے، یہ شخص پوری قوم، جمہوریت، معیشت اورپارلیمان سے مذاق کر رہا ہے اور اب آزادی کے نام پر فحاشی پھیلانا چاہتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے اربوں ڈالروں کو شکست دے کر ملک اور معاشرت بچائی، اب اس کا جنازہ نکالیں گے، یہ ریاست مدینہ کا نام کس منہ سے لیتاہے اسے شرم آنی چاہیے، ہم جو کہتے تھے آج اسے پارلیمان اور عدالتوں کے علاوہ صدربھی تسلیم کررہا ہے، عمران خان حواس باختہ ہوچکا ہے، جو صدرمملکت بھی کہہ رہا ہے، اس نے سی پیک کو جام کردیا جوامریکا کے اشارہ پرہوا۔

قائد جمیعت نے کہا کہ جو شخص اپنے بچے نہیں سنبھال سکتا وہ دوسروں کے بچے کیسے سنبھالے گا، ہم عمران کو بخوبی جانتے ہیں، لاس اینجلس سے ڈی چوک تک سب جانتے ہیں، ہم اس کے خلاف میدان میں ہیں اوریہ جنگ قومی جذبے سے جیتیں گے، ہم نے اس سرزمین سے فرنگیوں کے خلاف اعلان جہاد کیا اور یہیں سے اس فتنے کوبھی بھگائیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر امیرحیدرہوتی نے کہاکہ چارسدہ 16 اکتوبر کوعمران خان کو شکست دیتے ہوئے مستردکردے گا، ہم باچا خان اورولی خان کے پیروکاراورپختونوں کی خدمت پریقین رکھتے ہیں، پشاور, چارسدہ اورمردان تینوں جگہوں پر عمران شان کوشکست دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔