گلستان جوہر میں بیوی کے سامنے شوہر کو مزاحمت پر قتل کرنے والے 2 ڈاکو گرفتار
مقتول پر گولی چلانے والا ڈاکو جون عرف جونی ڈکیتی کے مقدمے میں ضمانت پر رہا تھا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ
شارع فیصل انویسٹی گیشن پولیس نے گلستان جوہر میں بیوی کے سامنے شوہر کو مزاحمت پر قتل کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔
اس حوالے سے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ون الطاف حسین کی جانب سے ان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ یکم ستمبر کو کار سوار فیملی گلستان جوہر کے علاقے بلاک 14 میں واقع آئسکریم کی دکان پر جہاں پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے کار میں سوار ذیشان افضل کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
واقعہ کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کیا گیا اور پولیس نے ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ الطاف حسین نے بتایا کہ کئی روز کی جدوجہد کے بعد پولیس نے 4 اکتوبر کو ایک ملزم یاسر عرف گوگو کو گرفتار کیا۔
جس نے بتایا کہ اس نے اپنے ساتھی جون عرف جونی کے ہمراہ گلستان جوہر میں ایک واردات کے دوران موبائل فون چھینا تھا اور ہم جا رہے تھے کہ جون نے کار دیکھ کر مجھے موٹر سائیکل اس کے سامنے لگانے کا کہا اور وہ خود اتر کر کار سوار کو اسلح کے زور پر لوٹ رہا تھا کہ اس نے کھڑکی سے ہاتھ باہر نکلا تو جون عرف جونی نے گولی چلا دی اور ہم وہاں سے فرار ہوگئے۔
گرفتار ملزم نے بتایا جس نے گولی چلائی تھی وہ عادی جرائم پیشہ ہے اور عزیز آباد تھانے میں درج ڈکیتی کے مقدمات میں ضمانت پر رہا تھا جس نے گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو عدالت سے اپنی ضمانت منسوخ کرا جیل چلا گیا۔
الطاف حسین نے بتایا کہ ملزم کے اس انکشاف پر پولیس نے جیل میں قید جون عرف جونی سے جا کر تفتیش کی تو اس نے ذیشان کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا اعتراف کرلیا بعدازاں پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر واردات میں استعمال کیے جانے والا آلہ قتل 30 بور پستول اور 2 گولیاں بھی برآمد کرلیں۔
الطاف حسین نے مزید بتایا کہ عدالت میں مقتول کی بیوہ نے بھی ملزمان کو شناخت کرلیا ہے اور پولیس کی جانب سے انتہائی مضبوط کیس بنایا گیا تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سخت سے سخت سزا مل سکے۔