مریم نواز کو ’قتل‘ کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار
ملزم محمد اسلم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد
ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل فیصل آباد نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے مبینہ پی ٹی آئی کارکن محمد اسلم کو گرفتار لیا۔
حکام کے مطابق چند روز قبل ملزم نے سوشل میڈیا کے ذریعے خاتون سیاسی رہنما کے خلاف دھمکی آمیز مہم شروع کی اور ملزم نے سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
مزیدپڑھیں: ن لیگ کا مریم نواز کو 'قتل کی دھمکی' دینے والے شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے زیر استعمال موبائل کو قبضے میں لے لیا، ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے کی تفتیش جاری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مسلم لیگ (ن) نے فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 سے تعلق رکھنے والے مبینہ طورپر پی ٹی آئی کے حامی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس نے کہا تھا کہ اگرعمران خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تو وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو قتل کر دے گا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی جس میں مذکورہ شخص کو پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اس شخص کا کہنا تھا کہ 'میرا یقین کریں، میں نے اپنے گھر والوں کو بتا دیا ہے کہ اگر عمران خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تو میں مریم کو قتل کر دوں گا'۔