سیموئل جیکسن ہالی وڈ کا کماؤ پوت

 سیاہ فام ہالی وڈ سٹار کو سب سے زیادہ کمائی کرنے والے زندہ اداکار کا اعزاز حاصل ہے


Rana Naseem October 23, 2022
 سیاہ فام ہالی وڈ سٹار کو سب سے زیادہ کمائی کرنے والے زندہ اداکار کا اعزاز حاصل ہے

جہد مسلسل، دیانت اور قابلیت کسی بھی امتحان میں کامیابی کی ضمانت تصور کی جاتی ہے، دنیا میں ایسی شخصیات کی کوئی کمی نہیں جو زمین سے اٹھیں اور اپنی محنت کے بل بوتے پر انہوں نے آسمان کی بلندیوں کو چھو لیا۔

تاہم اس دوران انہیں کتنی اذیتوں کا سامنا کرنا پڑا، یہ صرف وہی جان سکتے ہیں، مجموعی طور پر دنیا بھر میں زبان، رنگ اور نسل کی بنیاد پر پایا جانے والا تعصب بھی ایسے افراد کے راستوں کی بڑی رکاوٹ ہوتا ہے لیکن یہ اس آگ کے دریا کو بھی عبور کر جاتے ہیں اور دنیا میں ایسی مثال قائم کر دیتے ہیں جس پر اپنوں کے ساتھ غیر بھی رشک کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، ایسی ہی شخصیات میں ایک شوبز کی دنیا کا چمکتا ستارہ سیموئل لیروئے جیکسن ہے۔

سیاہ فام امریکی اداکار نے مسلسل ناکامیوں اور مواقع نہ ملنے کے باوجود اپنے مصمم ارادے سے وہ کر دکھایا جس کی شائد کوئی صرف تمنا ہی کر سکتا ہے۔ اداکاری کے جنون کی تسکین کے لئے جیکسن نے دربان بننا بھی پسند کیا لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹے اور پھر وہ وقت بھی آگیا کہ وہ لوگ جن کے لئے وہ ہوٹل کا دروازہ کھولتا تھا۔

اس کے سامنے بچھتے چلے جاتے ہیں۔ ایک بے نامی سیاہ فام کا نام آج گنیز ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار کے طور پر درج ہے، سیموئل جیکسن نے جن فلموں میں کام کیا ان کی مجموعی طور پر کمائی 27 ارب ڈالر سے زائد بنتی ہے، جس بناء پر انہیں دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے زندہ اداکار کا اعزاز حاصل ہے۔ اعزازی آسکر ونر کو ہالی وڈ واک فیم میں بحیثیت سٹار بھی شامل کیا جا چکا ہے۔

معروف سیاہ فام امریکی اداکار و پروڈیوسر سیموئل جیکسن 21 دسمبر 1948ء کو واشنگٹن ڈی سی (امریکا) میں پیدا ہوئے، وہ الزبتھ ہیریٹ اور روئے ہنری جیکسن کی اکلوتی اولاد ہیں، جیکسن کی والدہ ایک فیکٹری میں مزدوری کرتی تھیں جبکہ والد امریکی فوج میں ملازمت کرتے تھے تاہم بیٹے کی پیدائش سے فوری بعد ہی جیکسن کے والدین میں علیحدگی ہو گئی، جس کے سبب مستقبل کے سٹار کی پرورش کی ذمہ داری ان کی والدہ کے کندھوں پر آ گئی۔

جسے انہوں نے سخت محنت کے ساتھ بخوبی نبھایا۔ جیکسن کے مطابق ان کی اپنے والد سے صرف ایک یا دو ملاقاتیں ہوئیں اور پھر وہ انتقال کر گئے۔ اداکار کو بچپن میں والدہ کے علاوہ نانا نانی کی سپورٹ بھی ملی، ڈی این اے رپورٹ کے مطابق جیکسن جزوی طور پر گیبون کی دھرتی سے تعلق رکھتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ 2019ء میں انہیں گیبون کی شہریت بھی ملی۔

ابتدائی تعلیم کے لئے مختلف سکولز میں داخلہ کے بعد انہوں نے چٹانوگا کے ریور سائیڈ ہائی سکول سے گریجوایشن کی، انہی دنوں میں سیموئل نے اپنے شوق کے پیش نظر پیانو، بانسر اور شہنائی بجانا بھی سیکھ لیا۔

بعدازاں وہ سمندری حیاتیات میں ڈگری کے حصول کے لئے جارجیا چلے گئے، جہاں انہوں نے مورہاؤس کالج میں داخلہ لیا۔ انہوں نے اپنی کلاس میں ایکسٹرا پوائنٹس حاصل کرنے کے لئے باامر مجبوری ایک ایکٹنگ گروپ میں شمولیت اختیار کی لیکن بعدازاں یہ مجبوری سے زیادہ شوق بننے لگا، تاہم یہاں ایک اہم معاملہ یہ درپیش آیا کہ جیکسن نے سیاہ فام طلبا تحریک میں شمولیت اختیار کر لی اور اس کے سرگرم کارکن بن گئے۔

مورہاؤس کالج کے دنوں میں ایک بار انہیں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی بناء پر 2 سال کے لئے معطل بھی کر دیا گیا تاہم 1972ء میں وہ ڈرامہ میں بی اے کرنے کے لئے دوبارہ کالج لوٹ آئے۔ معطلی کے دنوں میں انہوں نے ایک ملازمت اختیار کی اور پھر وہ اٹلانٹا چلے گئے جہاں انہوں نے بلیک پاور تحریک میں شمولیت اختیار کرلی۔

جس سے وہ خوش تھے تاہم جب وہ زیادہ نمایاں ہونے لگے تو ایف بی آئی کے خبردار کرنے پر جیکسن کی والدہ نے انہیں لاس اینجلس بھیج دیا لیکن یہ الگ معاملہ ہے کہ 2018ء میں دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران جیکسن نے بلیک پینتھر پارٹی کا رکن ہونے کی تردید کی۔

مورہاؤس کالج کے دنوں میں ہی سیموئل جیکسن کا اداکاری کی جانب رجحان ہو چکا تھا، انہوں نے مقامی سطح پر چھوٹے موٹے کردار ادا کرنے کے بعد فلم Together for Days (1972) کے ذریعے فلمی دنیا میں انٹری کی اور پھر 1976ء میں وہ اٹلانٹا سے نیویارک سٹی چلے گئے اور وہاں تقریباً 10 سال اسٹیج ڈراموں میں چھوٹے موٹے کردار ادا کئے۔

انہی دنوں میں وہ وقت بھی آیا، جب جیکسن کو منہٹن پلازہ (سینکڑوں اداکاروں اور آرٹسٹوں کا گھر) کے مرکزی دروازے پر دربان بھی بننا پڑا تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنی دھن کے پکے رہے۔ ان سالوں میں جیکسن نے متعدد فلموں میں کام کیا لیکن انہیں کسی بھی فلم میں بڑا کردار نہیں مل پایا تاہم یہاں مورگن فریمین نے ان کی مدد کی۔

1981ء میں A Soldier's Play میں ایک محدود کردار ادا کرنے کے بعد انہیں وقت کے معروف ترین فلم ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور مصنف سپائیک لی سے متعارف کروایا گیا، جنہوں نے جیکسن کو اپنی دو فلموں School Daze اور Do the Right Thing میں کام کا موقع دیا۔ اداکار تین سال تک معروف مزاحیہ اداکار بل کوسبے کے متبادل کے طور پر کام بھی کرتے رہے۔

سیموئل جیکسن نے 1990ء کی مارٹن سکورسیز فلم گڈفیلس میں حقیقی زندگی کے مافیا کے ساتھی سٹیکس ایڈورڈ کے طور پر ایک معمولی کردار ادا کیا، اس دوران انہیں نشے کی لت بھی لگ گئی، جس کے باعث جیکسن کی فیملی نے انہیں نیویارک کے ایک بحالی کلینک میں داخل کروا دیا، جہاں سے مکمل بحالی کے بعد وہ واپس لوٹے اور انہیں 1991ء میں ریلیز ہونے والی فلم Jungel Fever میں کام کا موقع مل گیا۔

اس فلم میں جیکسن نے متاثر کن اداکاری کے جوہر دکھلائے، جس پر کانز فلم فیسٹیول کی جیوری نے صرف جیکسن کی وجہ سے ''معاون اداکار ایوارڈ'' کو شامل کیا اور یہ ایوارڈ جیکسن کے نام ہی رہا۔ اس کے بعد وہ دیگر مذاحیہ فلموں اور ڈراموں کی طرف بڑھے۔ 1993ء میں Loaded Weapon 1 کے نام سے ریلیز ہونے والی وہ پہلی فلم ہے۔

جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس میں جیکسن کو پہلی بار کسی بڑے کردار کو نبھانے کا موقع میسر آیا، اس فلم کا بجٹ صرف 8 ملین ڈالر جبکہ باکس آفس پر کمائی 51 ملین ڈالر سے زائد رہی۔ اور پھر اسی برس Jurassic Park کے نام سے ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم نے اداکار کو چار چاند لگا دیئے، جراسک پارک شائد وہ پہلی فلم ہے جس نے دنیا بھر میں بڑوں سے لے کر بچوں تک مقبولیت کے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ ڈالے۔

اس فلم کا بجٹ 63 ملین ڈالر جبکہ ایک بلین ڈالر سے زائد رہی۔ یوں تقریباً 20 سال تک جہد مسلسل کرنے والے اداکار کی سنی گئی اور پھر انہوں نے ایک سے بڑھ کر ایک بڑی فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور شہرت کی ان بلندیوں کو چھوا، جس کا ہزاروں اداکار صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں۔ سیموئل جیکسن اب تک ڈیڑھ سو کے لگ بھگ فلموں میں کام کر چکے ہیں اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے، ان کی تین فلمیں پوسٹ پروڈکشن کے مرحلہ پر ہیں، جو اگلے دو برسوں یعنی 2023 ء اور 2024ء میں ریلیز ہوں گی۔

1980ء میں جیکسن نے اداکارہ و پروڈیوسر لاتانیا رچرڈسن سے شادی، جن سے ان کی ملاقات مورہاؤس کالج میں ہوئی تھی، اس جوڑے کی ایک بیٹی ہے، جس کا نان زو، زو 1982ء میں پیدا ہوئی۔2009ء میں جیکسن اور لاتانیا نے شعبہ تعلیم کی مدد کے لئے ایک خیراتی ادارے کی بنیاد رکھی۔ جیکسن گنجے ہیں اور انہیں اس بات پر کوئی شرمندگی یا پچھتاوا نہیں بلکہ وہ خوش ہوتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جب میں نے اپنے سر منڈوایا اس وقت لوگوں کو بڑے بال رکھنے کا شوق تھا۔ سیاسی حوالے سے انہوں نے باراک اوباما کی حمایت کی اور ان کے لئے باقاعدہ ووٹ مانگتے رہے، 2020ء میں کورونا سے آگاہی اور بچاؤ کی مختلف مہمات میں بھی انہوں نے کام کیا۔

فلم، ٹیلی ویژن، تھیٹر اور اعزازات پر اِک نظر
ہالی وڈ سٹار سیموئل ایل جیکسن نے شوبز کی دنیا کے سفر کا آغاز فلم سے کیا، ان کی پہلی فلم Together for Days 1972ء میں ریلیز ہوئی، جس میں ان کا کردار نہ ہونے کے برابر تھا، اسی طرح 1981ء میں Ragtime کے نام سے ایک فلم ریلیز ہوئی، جس میں وہ ایک گینگ کے کارکن کے طور پر مختصر کردار میں نظر آئے۔

اداکاری میں وسیع تجربہ کے حامل امریکی اداکارJungle Fever، Do The Right Thing، Jackie Brown، Pulp Fiction، Unbreakable، The Incredibles، Jurassic Park، The Avengers، Snakes on a Plane، Star Wars، Iron Man، Thor اور The Banker سمیت مجموعی طور پر ڈیڑھ سو کے قریب فلموں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر چکے ہیں۔ فلم کے ساتھ ٹیلی ویژن کی بات کریں تو جیکسن کا پہلا ڈرامہ Movin' On کے نام سے 1976ء میں نشر ہوا۔

جس کے بعد انہوں نے مزید درجنوں مقبول زمانہ ٹیلی ویژن پروگرامز یا ڈراموں میں کام کیا اور یہ سلسلہ آج تلک جاری ہے، پھر فلم اور ٹی وی کے ساتھ انہوں نے تھیٹر سے بھی منہ نہیں موڑا، وہ مجموعی طور پر 6 تھیٹر ڈراموں میں کام کر چکے ہیں۔

ان سب کے ساتھ ان کی متاثر کن آواز کے باعث انہیں 10 سے زائد ویڈیو گیمز اور 2 آڈیو کتب میں بھی خدمات سرانجام دینے کا موقع ملا۔ یوں ہم کہہ سکتے ہیں کہ سیموئل نے شوبز کی تقریباً تمام مقبول اصناف میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

معروف اور تجربہ کار امریکی اداکار سیموئل جیکسن کو ان کی بے پناہ خدمات کے پیش نظر رواں برس اعزازی طور پر آسکر سے نوازا گیا، اس سے قبل وہ بافٹا، انڈیپنڈینٹ سپرٹ، کیناس فلم فیسٹیول، برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول، بلیک ریل، ایم ٹی وی، فلم کریٹکس، سیٹلائٹ، سپائیک ویڈیو گیم، آئی جی این اور امریکن اکیڈمی آف اچیومنٹ جیسے متعدد ایوارڈز بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں