اسلام آباد کے ریڈ زون میں اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد

اسلام آباد پولیس کے مجاز افسران کے علاوہ کسی بھی ادارے یا ایجنسی کو ہتھیار لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی


Iftikhar Chohadary October 22, 2022
فوٹو فائل

وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں کسی بھی شخص اور ادارے کے اہلکاروں پر اسلحہ لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریڈ زون میں ہتھیار لے جانے کے حوالے سے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار متعین کر دیا گیا، کسی بھی ایونٹ یا امن و امان کی صورتحال کے دوران ریڈ زون کو "ویپن فری زون" قرار دیا جائے گا، ہمیشہ کی طرح امن و امان کی صورت حال کے دوران ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس ہتھیار نہیں لے کر جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق صرف مجاز افسران کو ہتھیار لے جانے کی اجازت ہوگی، مجاز افسران میں آئی سی ٹی پولیس کے اہلکار شامل ہوں گے جو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی پر ہیں جن میں سینئر پولیس افسران، معزز ججز، وی وی آئی پیز یا وی آئی پیز شامل ہیں۔

مجاز پولیس افسران کو ایسی ڈیوٹی پر بھیجنے سے پہلے اچھی طرح سے جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ایسے افسران کے نفسیاتی اور طبی ٹیسٹ باقاعدگی سے کرائے جائیں اور کسی بھی تضاد کی صورت میں ایسے افسر کو اسکارٹ یا گن مین ڈیوٹی انجام دینے کی اجازت نہ دی جائے۔

پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہتھیار لے جانے والے پولیس افسران کی تصدیق انٹیلی جنس بیورو اور اسپیشل برانچ سے ان کی سیاسی اور مذہبی وابستگی کے حوالے سے کی جائے گی، اسلام آباد پولیس کے علاوہ کسی بھی شخص یا قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کو ہتھیار رکھنے والے کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں