کے سی آر منصوبے کی منظوری کراچی میں الیکٹرانک ٹرینیں چلائی جائیں گی
کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ چار سال میں مکمل ہوگا، یومیہ ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ لوگ سواری کریں گے، اعلامیہ
وزارت برائے ترقی اور منصوبہ بندی نے کراچی سرکلر ریلوے کی منظوری دے دی جس کے لیے 292.38 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کی زیر صدارت سی ڈبلیو پی کا اجلاس ہوا، جس میں شرکا کو کراچی میں جاری سرکلر ریلوے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سڑکوں کے نیٹ ورک، پبلک ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے شروع کیا گیا ہے، کے سی آر کی ایک جدید اربن ریلوے کے طور پر ترقی کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی موجودہ سہولیات میں اضافہ کرے گا۔
کے سی آر منصوبے میں 43 کلومیٹر کے ڈوئل ٹریک اربن ریل ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تعمیر 4 سال کی مدت میں متوقع ہے، اس منصوبے سے یومیہ 457,000 مسافروں کی سواری متوقع ہوگی جو مستقبل میں 10 لاکھ یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کے سی آر پر الیکٹرک ٹرینوں کا استعمال کیا جائے گا جو ہفتے میں 7 دن اور دن میں 17 گھنٹے کام کرے گا۔ منصوبے کے تحت شہر کے گنجان آباد علاقے کو کوریڈور کے ساتھ ساتھ تیس اسٹیشن بنائے جائیں گے۔