اینکر چوہدری غلام حسین کو ضمانت پر رہا کردیا گیا

لاہور کی مقامی عدالت نے دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی


محمد ہارون October 29, 2022
فوٹو فائل

لاہور کی مقامی عدالت نے ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے ٹی وی اینکر چوہدری غلام حسین کی ضمانت منظور کرلی جس کے بعد انہیں کیمپ جیل سے رہا کردیا گیا

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تنویر حسین نے چوہدری غلام حسین کے وکیل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

معزز جج نے ‏چوہدری غلام حسین کی ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرتے ہوئے دو لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا جبکہ وکیل کو ہدایت کی گئی کہ اینکر تفتیش کے دوران ایف آئی اے سے مکمل تعاون کریں۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے دو روز قبل نجی ٹی وی کے اینکر چوہدری غلام حسین کو گلبرگ میں قائم کافی شاپ سے 8 بج کر چالیس منٹ پر گرفتار کیا تھا۔ بیٹے نے بتایا تھا کہ والد کو حراست میں لینے کے لیے 35 سے چالیس افراد آئے جنہوں نے اپنا تعلق ایف آئی اے سے بتایا۔

دوسری جانب ایف آئی اے نے چوہدری غلام حسین کی گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بینکنگ سرکل میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چوہدری غلام حسین مقدمہ نمبر 94/2011 میں کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو مطلوب تھے، انہوں نے سال 2003 میں جعلی دستاویزات پر بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے قرض لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مقدمے میں چوہدری غلام حسین کے دو بیٹے بھی اشتہاری ہیں جبکہ عدالت نے ملزم چوہدری غلام حسین کے اس مقدمہ میں بینکنگ کورٹ لاہور نے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہوئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں