پائیدار بینکاری کانفرنس میں ماحولیاتی و سماجی خطرات کا مینوئل جاری

مینوئل میں ماحولیاتی وسماجی خطرات سے نمٹنے کیلیے بینکوں کی رہنمائی کی گئی ہے،جمیل احمد


Business Reporter November 10, 2022
افتتاحی اجلاس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک نے کی، خواجہ آفتاب و دیگر کی شرکت۔ فوٹو: فائل

گورنر اسٹیٹ بینک نے پائیدار بینکاری کانفرنس میں ماحولیاتی و سماجی خطرات کا مینوئل جاری کردیا۔

بینک دولت پاکستان نے مقامی ہوٹل میں ورلڈ بینک گروپ کی رکن آئی ایف سی کی شراکت سے پائیدار بینکاری کانفرنس کا اہتمام کیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کی۔

کانفرنس میں خواجہ آفتاب احمد (ریجنل ڈائریکٹر، آئی ایف سی)، ذیشان احمد شیخ (آئی ایف سی کے کنٹری منیجر برائے افغانستان و پاکستان)، توشیو اودا گیری (جاپانی قونصل جنرل)،ڈاکٹر شمشاد اختر (چیئرپرسن، پاکستان اسٹاک ایکس چینج بورڈ)، یاسین انور (سینئر پالیسی ایڈوائزر، آئی ایف سی)، سیما کامل (ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک)، بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے صدور/سی ای اوز، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، سندھ کے ادارہ ماحولیاتی تحفظ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام سمیت ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔

کلیدی خطاب میں گورنر جمیل احمد نے بتایا کہ اس مینوئل کا اجرا پاکستان میں گرین بینکنگ کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ای ایس آر ایم مینوئل میں بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کے لیے طریقہ کار کے متعلق رہنمائی موجود ہے تاکہ وہ ماحولیاتی اور سماجی خطرات کے بندوبست کا اپنا سسٹم بنائیں، جیسا کہ اسٹیٹ بینک نے گرین بینکنگ گائیڈ لائنز میں بتایا ہے۔ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کی زد میں آنے والے ملکوں میں سے ایک ہے جس کا مظاہرہ ہم حالیہ سیلاب میں دیکھ چکے ہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے ای ایس آر ایم نظام اور طریقہ کار کے نفاذ میں مینوئل سے بھرپور استفادے کے لیے بینکاری صنعت کی حوصلہ افزائی کی۔ خواجہ آفتاب احمد نے بتایا کہ ماحولیاتی اور سماجی انتظامِ خطر کے نفاذ کے مینوئل کا اجرا پاکستان میں پائیدار بینکاری طریقوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مینوئل بینکاری صنعت کو ان کے قرضہ دینے کے طریقوں میں ماحولیاتی اور سماجی خطرات کے بہتر انتظام میں مدد دے سکتا ہے اور نتیجتاً اس نازک وقت پر پاکستان کے لیے ایک سبز اور شمولیت پر مبنی اقتصادی بحالی کو ممکن بنا سکتا ہے۔

کانفرنس میں مالی شعبے میں ای ایس جی کا ارتباط اور ماحولیاتی فنانس کے خطرات اور ماحولیاتی کوائف ظاہر کرنے جیسے اہم موضوعات کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر گفت و شنید کے دو ادوار کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں