انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر پھر بڑھ گئی
انٹربینک ریٹ 50پیسے کے اضافے سے 222.41روپے ہوگیا
زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے سے انٹربینک ریٹ 222روپے اوراوپن مارکیٹ ریٹ 229روپے ہوگیا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانئیے میں ڈالر کی محدود پیشقدمی جارہی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 69پیسے کے اضافے سے 222.60روپے کی سطح پر بھی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری دورانیہ کے اختتام پر ڈالر انٹربینک ریٹ 50پیسے کے اضافے سے 222.41روپے کی سطح پر بند ہوئے، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی 9دنوں بعد جمود ٹوٹ گیا اور بدھ کو ڈالر کے اوپن ریٹ 1.25روپے کے اضافےسے 229روپے کی سطح پر بند ہوئے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ رسک یومیہ بنیادوں پر بڑھنے اور پاکستان کے عالمی سکوک اور یوروبانڈز کی ایلڈ بھی بڑھنے سے پاکستانی روپے پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے کیونکہ ان عوامل سے عالمی سطح پر اس بات کا اشارہ مل رہا ہے کہ ادائیگیوں کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
صنعتوں کے لیے تین ماہ کے طویل دورانئیے پرمحیط قدرتی گیس کی سپلائی بند کیے جانے سے ذرمبادلہ کمانے کا اہم برآمدی شعبہ متاثر ہوسکتا ہے جس سے برآمدات اور آمدنی گھٹنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں لہذا ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر میں مطلوبہ اضافہ دوست ممالک کے تعاون اور عالمی مالیاتی اداروں کی فنڈنگ پرمنحصر ہوگیا ہے جسکے حصول میں تاحال ناکامی کا سامنا ہے۔