گیس کے سنگین بحران کے باعث صنعتوں میں پیداواری عمل شدید متاثر

فوری ریلیف نہ ملنے کی صورت میں احتجاج کریں گے، تاجر برادری


Business Reporter November 17, 2022
فوٹو: فائل

صنعتوں میں گیس پریشر صفر ہونے کے باعث پیداوار عمل معطل ہونے پر تاجر برادری نے فوری ریلیف نہ ملنے کی صورت میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انڈسٹریل ٹاؤن ایسوسی ایشنز نے گیس کی فراہمی کی معطلی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس پریشر صفر ہونے کی وجہ سے پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہو گئیں جس کے نتیجے میں تمام صنعتیں تقریباً بند ہیں جو برآمدات کو شدید دھچکے کا باعث ہوں گی اور بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور افراتفری پھیلے گی۔

کے سی سی آئی اور ٹاؤن ایسوسی ایشنز بشمول سائٹ ایسوسی ایشن، کورنگی ایسوسی ایشن، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن، نارتھ کراچی ایسوسی ایشن، سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن اور بن قاسم ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر توانائی شاہد خاقان عباسی سے صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ ایس ایس جی سی کوگھریلو صارفین کے لئے آر ایل این جی کی فراہمی کے امکان پر بھی غور کرنا چاہیے جیسا کہ ایس این جی پی ایل کے معاملے میں کیا جا رہا ہے تاکہ کراچی کی صنعتوں کو درپیش گیس کے بحران سے بچا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تاجر و صنعتکار برادری ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کی سپلائی میں کمی کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اگر فوری طور پر ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو کراچی چیمبر کے ساتھ انڈسٹریل ٹاؤن ایسوسی ایشنز جلد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی جو بھرپور احتجاج بھی ہو سکتاہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں