فٹبال ورلڈ کپ …سعودی عرب کی جیت

ناقابل یقین شکست نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں خصوصاً لیونل میسی پر سکتہ طاری کر دیا


Editorial November 24, 2022
ناقابل یقین شکست نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں خصوصاً لیونل میسی پر سکتہ طاری کر دیا۔ فوٹو: رائٹرز

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے ایک بظاہر آسان میچ میں ارجنٹائن جیسی مضبوط اور ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم کوسعودی عرب نے ایک کے مقابلے میں دوگول سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔

اس ناقابل یقین شکست نے ارجنٹائن کے کھلاڑیوں خصوصاً لیونل میسی پر سکتہ طاری کر دیا' اسٹیڈیم میں بیٹھے ارجٹائنی فٹ بال شائقین آبدیدہ ہو گئے۔

سعودی فٹ بال ٹیم کی تاریخی فتح پر شہزادہ محمد بن سلمان نے سجدہ شکر ادا کیا، انھوں نے قطر فٹبال ورلڈ کپ کا یہ شاندار مقابلہ خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ دیکھا، ان کا احباب سے بغلگیر اور سجدہ ریز ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، سعودی عرب سمیت دنیابھر میں سعودی شہریوں نے جشن منایا۔ فتح کی خوشی میں سعودی عرب میں بدھ کو چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔

ارجنٹائن کی ٹیم نے اس میچ کو ذرا آسان لیا، پہلا گول بھی ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے کیا' اس کے بعد ارجنٹائن کے کھلاڑی خاصے ریلیکس ہو گئے اور اس کا فائدہ سعودی عرب کے اسٹرائیکرز نے پوری مستعدی سے اٹھایا اور یکے بعد دیگرے دو گول کر دیے۔ اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم نے گول کرنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہ ہو سکے۔اب ارجنٹائن کو اگلے میچوں میں سخت محنت کر کے جیتنا ہو گا۔

سعودی عرب کی جانب سے صالح الشہری سالم محمد الدوسری نے ایک، ایک گول کیا۔ پاکستان میں بھی اس میچ کو بڑے ذوق و شوق سے دیکھا گیا' جہاں سعودی عرب کی جیت پر فٹ بال کے شائقین انتہائی خوش نظر آئے وہاں لیونل میسی کے فیناپنے ہیرو کی افسردگی دیکھ کر خود بھی افسردہ ہوئے'کراچی میں فٹ بال کے گڑھ لیاری میں بڑی تعداد میں اس میچ کو دیکھا گیا۔

ابھی اس ٹورنامنٹس میں بہت سے اتار چڑھاؤ آنے ہیں کیونکہ برازیل' فرانس اور یوراگوئے جیسی ٹیمیں بھی کھیل رہی ہیں جب کہ انگلینڈ کی ٹیم بھی خاصی مضبوط سمجھی جا رہی ہے ' اسپین بھی ایک ہارڈ ٹیم ہے جب کہ افریقہ سے گھانا 'سینی گال اور کیمرون جیسی بڑی ٹیمیں بھی کچھ کرنے کا عزم لے کر آئی ہیں۔ بہر حال سعودی عرب کی ٹیم نے ارجنٹائن جیسی دیوہیکل ٹیم کو شکست دے کر فٹ بال کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں