آلو کی اوسط قیمت 22 فیصد کے اضافے سے 51 روپے فی کلو ہوگئی

گزشتہ ہفتے گڑ، تیار چائے، دال مونگ، سرخ مرچ پاؤڈر، لہسن، مٹن اور کیلے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا


Business Desk March 30, 2014
انڈے، پیاز، مرغی، گندم، آٹے، چینی، ٹماٹرودیگر 5 اشیا کے نرخ کم، افراط زرمیں معمولی اضافہ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ملک میں گزشتہ ہفتے آلو کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات انڈے اور پیاز کی قیمتوں میں کمی سے زائل ہونے کے باعث افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.08 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا تاہم سالانہ بنیادوں پر افراط زر کی شرح 10.30 فیصد زائد رہی۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 27 مارچ 2014 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھاگیا، سب سے زیادہ اضافہ آلوکی قیمت میں ہوا اور ملک میں آلو کی اوسط قیمت 22.15 فیصد کے اضافے کے نتیجے میں 41.89 روپے فی کلوگرام سے بڑھ کر 51.17 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی جبکہ گڑ کی قیمت 1.75 فیصد بڑھ کر 79.03 روپے فی کلوگرام، تیار سادہ چائے1.20 فیصد کے اضافے سے 17.67 روپے فی کپ، دال مونگ 0.29 فیصد کے اضافے سے 147.65 روپے فی کلو گرام، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی0.21 فیصد بڑھ کر 223.36 روپے فی کلو گرام، لہسن 0.20 فیصد کے اضافے سے 147.71 روپے فی کلوگرام، بکرے کا گوشت 0.19 فیصد بڑھ کر 568.97 روپے فی کلوگرام اور کیلے کی اوسط قیمت 0.16 فیصد کے اضافے سے 70.29 روپے درجن ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں سب سے زیادہ کمی انڈے کی قیمت میں 7.58 فیصد ہوئی اور انڈے ملک میں اوسطاً 107.34 روپے فی درجن دستیاب ہیں جبکہ پیاز کی قیمت 4 فیصد کمی سے 32.66 روپے فی کلوگرام، زندہ مرغی 1.48 فیصد کی کمی سے 164.85 روپے فی کلوگرام ہوگئی، اس کے علاوہ گندم کے آٹے کی قیمت اوسطاً 0.59 فیصد، گندم0.56 فیصد، چینی 0.49 فیصد، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 0.49 فیصد، دال ماش0.38 فیصد، دال چنا 0.38 فیصد، دال مسور 0.23 فیصد، ٹماٹر 0.20 فیصد اور گھی (کھلا) کی قیمت میں اوسطاً 0.19 فیصد کمی آئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے سب سے زیادہ بوجھ 8ہزار روپے ماہانہ تک کمانے والوں پر 0.19فیصد پڑا جبکہ 12ہزار ماہانہ تک کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں 0.14 فیصد، 18ہزار ماہانہ آمدنی والوں کیلیے 0.11 فیصد، 35 ہزار ماہانہ کمانے والوں کیلیے 0.07 فیصد اور 35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کیلیے مہنگائی کی شرح میں صرف 0.02 فیصد کا اضافہ ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں