عوامی شکایات دور کرنے میں خیبرپختونخوا چوتھے سال بھی پہلے نمبر پر
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں تجاوزات کے خلاف مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کے لیے آئی جی پی کو فوری طور پر کریک ڈاﺅن کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گڈ گورننس اسٹریٹجی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں سٹیزن پورٹل کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ مسلسل چوتھے سال بھی خیبرپختونخوا عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ورکس ڈیپاٹمنٹس کو کرپٹ ملازمین کے خلاف چار دنوں میں رپورٹ مرتب کرنے اور ضلعی انتظامیہ کو پٹواریوں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی جب کہ واضح کیا کہ ہر 15 دن بعد متعلقہ محکمے اور ضلعی انتظامیہ اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔
محمود خان نے کہا کہ یہ حکومت کا آخری سال ہے اور تمام اصلاحات کے ثمرات واضح طور پر نظر آنے چاہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ اور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور بڑے شہروں میں ٹریفک کی بے ہنگم صورتحال سے نمٹنے کے لیے آر پی اوز کو پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی اور صوبے میں تجاوزات کے خلاف مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔