ایم کیو ایم کا سینیٹ الیکشن میں پی پی کی حمایت کا اعلان
ایم کیو ایم امیدوار کے دستبردار ہونے کے بعد پیپلزپارٹی متحدہ کے نامزد کردہ شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرے گی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت اور امیدوار دستبردار کرنے کا اعلان کردیا جس کے جواب میں پی پی قیادت ایم کیو ایم کے نامزد شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرے گی۔
صوبائی وزیربلدیات کی سربراہی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد کا دورہ کیا، جہاں وسیم اختر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
ملاقات میں کراچی کی سیاسی صورت حال، حلقہ بندیوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی جس پر وزیربلدیات نے ایم کیو ایم کے تمام مطالبات حل ہونے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ 8 دسمبر کو سندھ سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ایم کیو ایم اپنا امیدوار دستبردار کروا کے پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی کی حمایت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کے درمیان مذاکرات، معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ
انہوں نے کہا کہ ناصر بھائی اور پارٹی قیادت کی درخواست تھی کہ ایم کیو ایم کے امیدوار کو دستبردار کرائے، جس پر کنونیئر اور رابطہ کمیٹی نے کل اپنا امیدوار دستبردار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ امید ہے کہ وقار بھائی سینیٹر بن کر سندھ اور کراچی کے مسائل کو حل کریں گے۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم اتحادی ہے اور ہم مل کر شہر و صوبے کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی کی تحلیل صرف عمران خان کا ذاتی بیان ہے، کوئی اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کا ایڈمنسٹریٹر جلد تعینات ہو جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قیادت نے سینیٹ کی نشست پر پی پی کی حمایت ایڈمنسٹریٹر کراچی سے مشروط کی جس پر پیپلزپارٹی نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ایم کیو ایم سندھ سے پیپلزپارٹی کےسینیٹ کیلئے اُمیدوار وقار مہدی کے حق میں دستبردار ہو جائے گی، جس پر ۔پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کے نامزد کردہ شخص کو ایڈمنسٹرکراچی تعینات کر دے گی۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ نواز کھوکھر کے استعفے کے بعد سینیٹ کی نشست خالی ہوئی، جس پر 8 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔