عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر مخالف نعرے بازی پر شہری گرفتار
زمان پارک میں عمران خان کی موجودگی کی وجہ سے ٹریفک میں گھنٹوں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہری
پنجاب کے دارالحکومت کے علاقے زمان پارک میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر نعرے بازی کرنے والے شہری کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر سے گزرنے والا شہری اچانک رکا اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف نعرے بازی کی، جس پر وہاں موجود پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوگئے۔
پی ٹی آئی کارکنان نے شہری کی درگت بنائی تو اس دوران پولیس خاموش کھڑی تماشہ دیکھتی رہی اور پھر دونوں کو ہٹا کر نعرے لگانے والے شہری کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
شہری کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں عمران خان کی موجودگی کی وجہ سے ٹریفک میں گھنٹوں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہم اس سے بہت زیادہ تنگ آگئے ہیں۔