اداکار افضال احمد کا انتقال
وہ لاہور میں فیروز پور روڈ پر قائم معروف تھیٹر ’’تماثیل‘‘ کے مالک بھی تھے
پاکستان فلم انڈسٹری کے اپنے وقت کے نامور اداکار افضال احمد طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔ انھیں برین ہیمرج کے باعث لاہور کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہاں وہ زیر علاج ہی تھے کہ ان کا انتقال ہو گیا۔
وہ لاہور میں فیروز پور روڈ پر قائم معروف تھیٹر ''تماثیل'' کے مالک بھی تھے۔ مرحوم افضال احمد نے 1968 میں اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کی۔ ان کی پہلی اردو فلم '' دھوپ اور سویرا '' تھی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 384 فلموں میں کام کیا۔
وہ اپنے وقت کے انتہائی مقبول اداکار تھے۔ وہ اردو اور پنجابی فلموں کے شائقین میں یکساں مقبول تھے تاہم پنجابی فلم نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ انھوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا۔ انھوں نے اس دور میں اپنا نام بنایا جب پاکستانی سینما میں محمد علی، وحید مراد، ندیم، شاہد، سلطان راہی، مصطفی قریشی، یوسف خان، ساون، ادیب اور ہمایوں قریشی جیسے اداکار چھائے ہوئے تھے۔
ان کی مشہور فلموں میں ہاشو خان، انسان اور گدھا، پہلاوار، خبردار، سدھا رستہ، سستا خون مہنگا پانی، بابل صدقے تیرے، شریف بدمعاش اور دیگر فلمیں شامل ہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کو عروج دینے میں اداکار افضال احمد کا بھی اہم کردار ہے۔ انھوں نے اسٹیج پر بھی پرفارمنس دی اور لاہور میں ان کا بنایا ہوا ڈرامہ ہال، اب بھی تھیٹر شائقین کو تفریح فراہم کر رہا ہے۔ اداکار افضال احمد کی موت سے پاکستانی سینما کے سنہری دور کا ایک اور ستارہ ڈوب گیا۔