ماڑی پور روڈ پرقائم پیڈسٹرین برج خستہ حالی کا شکار

پیدل چلنےوالے پل کا فرش بھی جگہ جگہ سے غائب ہے


دعا عباس December 05, 2022
فوٹو:ایکسپریس

ماڑی پور روڈ پر موجود خستہ حال پیڈسٹرین برج ہلنا شروع ہوگیا، پل کے فرش کا حصہ جگہ جگہ سے غائب ہونے کی وجہ سے لوگوں نے استعمال چھوڑدیا ہے۔

مچھرکالونی کے باالمقابل ماڑی پور روڈ پرقائم پیڈسٹرین برج خستہ حالی کی وجہ سے ہلناشروع ہوگیا ہے،مگرمعاملہ صرف یہی نہیں بلکہ پیدل چلنےوالے پل کا فرش بھی جگہ جگہ سے غائب ہے،پل کے ٹوٹے حصےخاص طورپررات میں شہریوں کی جان لینے کا سبب بن سکتے ہیں۔

Bridge-1

چوبیس گھنٹے بھاری بھرکم گاڑیوں کی آمدورفت کے دوران ماڑی پور روڈ عبورکرنا جہاں امتحان بنا ہواہے وہیں ٹوٹاپھوٹا پل انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول رہاہے۔پیڈسٹرین برج تقریبا ناقابل استعمال ہونے کی وجہ سے خواتین اوربچوں کو شدید مشکلات کا سامناہے۔

Bridge-2

شہریوں کا کہنا ہے کہ پل اپنی میعاد مکمل کرچکا ہے،گزشتہ روز بھی ایک بچہ پل سے گرنے والا تھا،خوش قسمتی سے علاقہ مکین بچے کی جان بچانے میں کامیاب ہوگئے،ماضی میں بھی کئی حادثات پیش آچکے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے مرمتی کام سست روی کا شکار ہے،گزشتہ چھ ماہ سے یہ پل ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے لیکن کوئی اس معاملے کو سنجیدگی سے حل کرنے کو تیار ہی نہیں۔

انتظامیہ کئی بار نشاندہی کے بعد پل کی مرمت کرواچکی ہے لیکن اس پل کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پل کو مرمتی کام کی نہیں بلکہ ازسر نو تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے،آئے دن حادثات سے بچاؤ کے لیئے شہری خود انتظامات کرنے پر مجبور ہیں تو انتظامیہ بھی دعوے کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں