کمزور پیس بیٹری نے مینجمنٹ کے ماتھے پر شکنیں بڑھا دیں

راولپنڈی میں بولرز کی ناتجربہ کاری کا بھرپور فائدہ اٹھانے والی انگلش ٹیم پر ملتان میں قابو پانے کی تدبیریں ہونے لگیں


Abbas Raza December 07, 2022
حارث کے متبادل پر غور،حسن علی اورعباس سے متعلق سوال پر بابر کا طنزیہ ردعمل،اسپن ٹریک بنا تو ابرار کھیلیں گے (فوٹو: پی سی بی)

کمزور پیس بیٹری نے مینجمنٹ کے ماتھے پر شکنیں بڑھادیں، راولپنڈی میں بولرز کی ناتجربہ کاری کا بھرپور فائدہ اٹھانے والی انگلش ٹیم پر ملتان میں قابو پانے کی تدبیریں ہونے لگیں۔

17سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش ٹیم نے راولپنڈی میں ٹیسٹ سیریز کا فاتحانہ آغاز کرلیا،حکمت عملی کے حوالے سے تذبذب کا شکار میزبان ٹیم مینجمنٹ نے جس پچ پر کھیلنے کا انتخاب کیااس پر کڑی تنقید ہوئی۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے بھی اسے آدھا تیتر اور آدھا بٹیر قرار دیا، پہلے ٹیسٹ میں جہاں پاکستانی پیسرز جدوجہد کرتے نظر آئے وہیں حیران کن طور پر انگلش پیسرز دوسری اننگز میں 9وکٹیں لے اڑے۔

کپتان بابر اعظم نے بھی میزبان بولنگ لائن کی ناتجربہ کاری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوئی، راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز ہی حارث رؤف کی انجری کی وجہ پیس بیٹری مزید کمزور ہوگئی تھی، اب بھی صورتحال بہتر ہونے کا امکان نہیں، حارث انگلینڈ کے خلاف پوری سیریز سے باہر ہوگئے۔

پی سی بی کے مطابق پیسر کو ٹانگ کی دائیں جانب دباؤ محسوس ہورہا ہے، فٹنس کی بحالی کا پروگرام نیشل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جلد شروع کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں حارث کے متبادل فاسٹ بولر کا فیصلہ جلد کیا جائے گا، بابر اعظم نے حسن علی اور محمد عباس سے متعلق سوال پر طنزیہ ردعمل کا اظہار کردیا۔

راولپنڈی ٹیسٹ ختم ہونے پر میڈیا کانفرنس میں ایک صحافی نے پوچھا کہ محمد عباس اور حسن علی کو بلوالیا گیا ہے؟جس پر بابر اعظم نے جواب دیا کہ دونوں اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود صحافی نے اصرار کیا کہ دونوں کو بلوالیا گیا ہے، اس پر بابر نے سوال کردیا کہ کہاں بلوایا ہے؟آپ کو پتا ہوگا مجھے نہیں پتا،شاید مجھے ابھی پتا لگے گا، بعد ازاں بابر اپنی ہی بات پر مسکرادیے۔

ذرائع کے مطابق محمد عباس اسکواڈ میں شمولیت مضبوط امیدوار ہیں،اس وقت دستیاب پیسرز میں نسیم شاہ سب سے سینئر ہیں،انھوں نے ابھی تک 14ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، محمد علی نے راولپنڈی میں ڈیبیو کیا تھا، وسیم جونیئر پہلا میچ کھیلنے کے منتظر ہیں، آل راؤنڈر فہیم اشرف کی صورت میں بھی ایک پیسر دستیاب ہوسکتا ہے،انھوں نے 14ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں مرضی کی پچ نہ ملنے پر حیران کن طور پر پی سی بی نے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو کیوریٹر کی ذمہ داری سونپ کر ٹیم سے پہلے ہی ملتان پہنچا دیا تھا، اگر روایتی اسپن ٹریک بنا تو پاکستان مسٹری اسپنر ابرار احمد کو پلیئنگ الیون میں شامل کرسکتا ہے،انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرلی تھی۔دوسرا ٹیسٹ ملتان میں جمعے کوشروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں