فون کال پر رشتے دار کی گرفتاری کا ڈرامہ کر کے رقم ہتھیانے والے ملزمان گرفتار
جعلی پولیس اہلکاروں نے شہریوں سے 25 لاکھ سے زائد رقم لینے کا انکشاف بھی کیا، ترجمان ایف آئی اے
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹنے والے جعلی پولیس اہلکاروں کے دو رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے فیصل آباد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کارروائی میں گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت محمد حسن اور یونس کے ناموں سے ہوئی، جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے عام شہریوں کو کال کرتے اور انہیں کسی قریبی رشتے دار کی جعلی گرفتاری کا بتا کر رقم کا تقاضہ کرتے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان جعل سازی کرتے ہوئے 25 لاکھ 70 ہزار روپے کا فراڈ کر چکے تھے، متعدد شکایات کے بعد ملزمان کو ٹریس کر کے شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزمان کے زیر استعمال موبائل فون کو بھی قبضے میں لے کر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔