افراط زر کی سالانہ شرح مارچ میں بڑھ کر 85 فیصد پر پہنچ گئی

ماہانہ بنیادوں پرمہنگائی میں ایک فیصد کا نمایاں اضافہ، خوراک سال بہ سال 9.3 فیصد مہنگی


Business Desk April 02, 2014
دیگر اشیا کی قیمتیں 8 فیصد بڑھیں، جولائی تا مارچ انفلیشن ریٹ 8.64 فیصد رہا، پی بی ایس۔ فوٹو: فائل

ملک میں صارف قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی سالانہ شرح 7.9 فیصد سے بڑھ کر مارچ میں 8.53فیصد پر پہنچ گئی جبکہ ماہانہ بنیادوں پر گزشتہ ماہ انفلیشن ریٹ میں 0.96 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جبکہ فروری میں 0.3 فیصد کمی ہوئی تھی۔

پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مارچ میں اشیائے خوراک کی قیمتیں سالانہ بنیادوں پر9.3فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 2.1 فیصد بڑھیں جبکہ دیگر اشیا کی قیمتیں مارچ میں سال بہ سال 8 فیصد اور فروری کے مقابلے میں 0.2 فیصد بڑھیں، نان فوڈ نان انرجی سی پی آئی میں مارچ کے دوران سال بہ سال بنیادوں پر 7.6 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ فروری میں یہ اضافہ 7.8 فیصد رہا تھا، ماہانہ بنیادوں پر اس میں 0.3فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

پی بی ایس کے مطابق فروری میں 7.5 فیصد کے مقابلے میں مارچ میں ایس پی آئی کی بنیاد پر افراط زر میں 9 فیصد اور ہول سیل پرائس انڈیکس کی بنیاد پر افراط زرکی شرح میں 7.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیورو شماریات کے مطابق جولائی سے مارچ تک سی پی آئی کی بنیاد پر افراط زر کی شرح بڑھ کر8.64 فیصد پر آگئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7.98 فیصد تھی، گزشتہ ماہ سالانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ اضافہ آلو کی قیمت میں 93.20 فیصد اور چکن کی قیمت میں27.25 فیصد ہوا جبکہ ماہانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ ٹماٹر کی قیمت میں 53.32 فیصد اور آلو کی قیمت 39.17 فیصد ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں