بابراعظم بیٹرز کے غلط شاٹس کا رونا رونے لگے

چند کھلاڑیوں نے اپنی غلطی سے وکٹیں گنوائیں، نتیجہ حق میں کرنا چاہیے تھا، کپتان


ممتاز خان نیازی December 13, 2022
مشکل وکٹ پر سخت محنت کرنا پڑی، دراڑوں کا پیسرز نے فائدہ اٹھایا، اسٹوکس۔ فوٹو: پی سی بی

ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان بابراعظم بیٹرز کے غلط شاٹس کا رونا رونے لگے۔

ملتان ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ نہیں کرسکے، چند بیٹرز نے اپنی غلطی سے اپنی وکٹیں گنوائیں، انگلینڈ کی دوسری اننگزمیں بولنگ میں اچھی فائٹ کی، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بیٹرز نے بھی اچھا مقابلہ کیا، سعود شکیل کی امام الحق اور پھر محمد نواز کے ساتھ اچھی شراکتیں قائم ہوئیں، ٹیل اینڈرز نے بھی اچھی کوشش کی لیکن میچ کا نتیجہ اپنے حق میں نہیں کرسکے۔

کپتان نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں، جیت سکتے تھے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد اب ایک بار پھر اچھا فنش نہیں کر پائے،میچ کا نتیجہ اپنے حق میں کرنا چاہیے تھا، کوشش کریں گے کہ جو غلطیاں ہوئیں انہیں نہ دھراتے ہوئے کراچی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ اسپنر کا بہت ہی شاندار آغاز ہوا ہے، انھوں نے کنڈیشنز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بہت اچھی بولنگ کی، میچ ان کیلیے یادگار رہے گا۔

دوسری جانب انگلش کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ مختلف کنڈیشنز میں مختلف کھیل ہوا، راولپنڈی ٹیسٹ کے بانسبت ملتان میں تیزی سے صورتحال بدلتی رہی، ایک مشکل پچ تھی، ہمیں سخت محنت کرنا پڑی، خوشی کی بات ہے کہ پچ میں دراڑیں پڑنے کا پیسرز نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹنگ لائن کا اعتماد متزلزل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ابرار احمد ایک مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اترے اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا مگر ہمارے بیٹرز ان کیخلاف بھی رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، کسی ٹیسٹ میچ کے پہلے سیشن میں 5وکٹیں گنوانے کے باوجود 180رنز بنانے جیسا رویہ دوسری ٹیمیں نہیں رکھتیں، مشکل کنڈیشنز کے باوجود ہم میزبانوں کو دبائو میں لانا چاہتے تھے، اس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں