نوجوانوں کیلیے بلاسود اور کم مارک اپ پر وزیراعظم قرضہ اسکیم بحال

پی ٹی آئی حکومت کی جاری کردہ اسکیم کو یکم جولائی 2022ء سے معطل کردیا تھا


Salman Siddiqui December 13, 2022
اپنا کاروبار شروع کرنے کیلیے نوجوانوں کو 75 لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

حکومت نے نوجوان کاروباری افراد کے لیے وزیراعظم کی بلاسود اور رعایتی قرضہ اسکیم کے دوبارہ اجراء کا اعلان کردیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اس اسکیم کے تحت تین مختلف سلیب کے تحت 75 لاکھ روپے تک کے قرضے رعایتی شرح سود (صفر تا 7فیصد تک) پر زیادہ سے زیادہ 9 سال کی مدت کے لیے دیئے جائیں گے۔ پروسیسنگ کی مدت 45 یوم سے تجاوز نہیں کرے گی۔ ایک چوتھائی قرضے خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کی مخلوط حکومت نے اس اسکیم کو ''پرائم منسٹرز یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم'' کا نیا نام دیا ہے، جبکہ سابقہ دور حکومت میں اس اسکیم کا نام''پرائم منسٹرز کامیاب جوان یوتھ انٹرپرینیورشپ اسکیم'' رکھا گیا تھا۔ اس اسکیم کو یکم جولائی 2022ء کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان کے وہ تمام شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں، جو قومی شناختی کارڈ رکھتے ہیں اور جن کی عمر 21 سے 45 سال کے درمیان ہے۔ آئی ٹی اور ای کامرس سے متعلق کاروبار کے لیے عمر کی کم سے کم حد 18برس ہوگی جبکہ کم سے کم مطلوبہ تعلیمی قابلیت میٹرک یا اس کے مساوی مقرر کی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں