انگلش لیگ اسپینر ریحان احمد ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کرنے کے خواہش مند
ریحان احمد نے ڈیبیو کی پہلی اننگز میں کھیل کے دوران قومی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا
کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے انگلش ٹیم کے کم عمر بولر ریحان احمد نے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کی خواہش کا اظہار کردیا۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انگلش لیگ اسپنر ریحان احمد نے کہا کہ آج میری زندگی کا سب سے اچھا دن ہے، میں کوشش کررہا تھا کہ دونوں طرف سوٸنگ کروں، کراچی ٹیسٹ کا حصہ بننے پر خوش ہوں، انگلینڈ کا سب سے کم عمر ٹیسٹ کرکٹر بننا اعزاز ہے'۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی نماٸندگی شاندار تجربہ ہے، ٹیم منجمنٹ نے مجھے سپورٹ کیا جس کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ حوصلہ ملا اور گیم میں نکھار پیدا ہوا۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ؛ ریحان احمد انگلش ٹیم کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر بن گئے
ریحان احمد نے خواہش ظاہر کی کہ 'میں ثقلین مشتاق کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گا'۔ انہوں نے بتایا کہ آنجہانی شین وارن سے ملاقات میں اچھی ٹپس ملی تھیں جن پر عمل کرنے کی کوشش کررہا ہوں۔
واضح رہے کہ 18 سالہ ریحان احمد نے آج کھیل کے دوران قومی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔