کے پی اسمبلی تحلیل کا اعلان اے این پی نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا
عمران خان اسمبلیاں نہیں توڑیں گے، آپ کل الیکشن کرائیں ہم بھرپور حصہ لیں گے، ایمل ولی کا دعویٰ
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی صدر اور چیئرمین پارلیمانی بورڈ ایمل ولی خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے اعلان کے بعد بونیر صوبائی حلقوں و میٹرپولیٹن کیلیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
باچاخان مرکز پشاور میں میٹروپولیٹن پشاور کے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر نے کہا کہ عمران خان 23 دسمبر چھوڑیں کل اسمبلیاں توڑیں، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، آپ کل اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کریں، میں آج امیدواران کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'لکھ کر رکھ لیں عمران خان نے اعلان تو کردیا لیکن یہ صاحب اسمبلیاں نہیں توڑیں گے، انہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں شرمسار کر دیا، دنیا کہے گی کہ یہ ایسے لوگ ہیں جن کو تحفوں کی قدر نہیں، یہ دوسروں کو چور کہتے ہیں یہ خود سب سے بڑا چور ہے، پنجاب کو کنگال اور ملکی معیشت کو تباہ کر دیا، آج بھاگنا چاہتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روکا گیا، عوام کی طاقت کا محور اسمبلی کو تحلیل کی وجہ کیا ہے؟ کیا وجہ ہے کہ جن سے کرسی لی گئی ہے، انکو واپس لایا جائے؟ عمران نیازی جیسا جھوٹا شخص تاریخ میں کبھی ملا نہیں، پختونخوا میں آئین و قانون کدھر ہے؟ بی آر ٹی، مالم جبہ کی تحقیقات کون کرے گا؟ اسپتالوں کو ایم ٹی آئی ایکٹ کے ذریعے تباہ کرنے کا جواب کون دے گا؟ پختونخوا میں آئین و قانون کو تباہ کر دیا گیا۔
ایمل ولی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دہشتگردی اور جنگ کا میدان بنانے کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں، آئے روز پولیس اہلکاروں پر حملے ہورہے ہیں، لوگ شہید ہورہے ہیں لیکن اقتدار کے ایوانوں میں خاموشی ہے، اس سال 2022ء میں پولیس پر سینکڑوں حملے ہوئے جس میں 105 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں، یہ سال پختونخوا کیلئے بدترین سال رہا جس میں ٹارگٹ کلنگ عروج پر پہنچ چکی ہے، ہم واضح کرچکے ہیں کہ دہشتگردی کے لئے اب پختونخوا کی سرزمین استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
امیدواروں کے ناموں کا اعلان
انہوں نے بونیر کے صوبائی حلقوں کیلیے امیدواران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سردارحسین بابک پی کے 25 (پی کے 22)، قیصرولی خان پی کے 24 (پی کے 21) اور افسرخان پی کے 23 (پی کے 20) کے امیدوار ہوں گے جبکہ ثمرہارون بلور پی کے 81 (پی کے)، یاسین خلیل پی کے 77 (پی کے 74) کے امیدوار ہوں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی نے پی کے 80 سے عابداللہ یوسفزئی، ارسلان خان ناظم کو پی کے 78 (پی کے 75)، ڈاکٹر نوید اللہ خان کو پی کے 79 (پی کے 76) جبکہ حاجی صدیق آفریدی پی کے 76 (پی کے 73) کو ٹکٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے اور استعفوں کی تصدیق کیلیے قومی اسمبلی جانے کا اعلان کیا ہے۔