36 برس بعد فٹ بال ورلڈ کپ ارجنٹائن کے نام

میسی نے خواب کو تعبیر دی اور اپنی ٹیم کو تیسری بار عالمی اعزاز دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا


Editorial December 20, 2022
میسی نے خواب کو تعبیر دی اور اپنی ٹیم کو تیسری بار عالمی اعزاز دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ فوٹو ٹویٹر

قطر میں فٹ بال ورلڈکپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو ایک اعصاب شکن مقابلے میں شکست دے کر تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا۔

میسی نے خواب کو تعبیر دی اور اپنی ٹیم کو تیسری بار عالمی اعزاز دلانے میں نمایاں کردار ادا کیا، انھوں نے پہلے ہی اعلان کردیا تھا کہ ورلڈکپ فائنل ان کا ملک کے لیے آخری میچ ہوگا۔تاریخ میں پہلی بار فیفا کا گولڈ میڈل فاتح ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو جب کہ چاندی کے میڈل دوسرے نمبر پر آنے والی فرانسیسی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پہنائے گئے۔

آخری ورلڈکپ کھیلنے والے لیونل میسی کو گولڈن بال ایوارڈ جب کہ فرانس کے کیلیان ایم باپے کو گولڈن بوٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ارجنٹائن کے ہی مارنڈینز نے بہترین گول کیپر کا گولڈن گلوو ایوارڈ جیتا۔ فٹ بال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے۔

اس میں فتح حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی کہلاتی ہے ، دنیا بھر کی ٹیمیں اور بہترین کھلاڑی اس ایونٹ میں شرکت کے لیے برسوں محنت کرتے ہیں،کیونکہ ورلڈ کپ میں شرکت ایک سہانے خواب سے کم نہیں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ36برس بعد فٹ بال ورلڈ کپ میں کامیابی سے ارجنٹائن کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لاکھوں لوگوں نے بیونس آئرس میں جشن منایا۔ ارجنٹائن کی فائنل میچ میں شاندار جیت پر کراچی کے علاقہ لیاری میں فٹ بال کے دیوانوں نے جشن منایا، علاقہ بھر میں آتش بازی کی گئی اور ''میسی'' کی شاندار کارکردگی پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔

ماضی میں لیاری میں عالمی معیار کے عظیم فٹ بالرز پیدا ہوئے ، جنھوں نے ملک وقوم کا نام روشن کیا ، لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں فٹ کے کھیل کومکمل طور پر نظرانداز کردیا گیا ۔

ضرورت اس امر کی ہے ، پاکستان بھر میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کے لیے اقدامات اورسہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ہمارے فٹ بالرز بھی عالمی میدان میں ملک وقوم کا نام روشن کرسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں