عالمی نمائش ’ہیم ٹیکسٹائل‘ میں پاکستان سے ریکارڈ 260 کمپنیوں کی شرکت متوقع
نمائش کا انعقاد 10 تا 13 جنوری جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہوگا جس میں 50 ممالک کے 2 ہزار 400 نمائندگا شرکت کریں گے
معاشی بحران اور توانائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی ہوم ٹیکسٹائل انڈسٹری آئندہ برس جرمنی میں ہونے والی ٹیکسٹائل کی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹائل میں پاکستان سے ریکارڈ 260 کمپنیاں شرکت کریں گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق معاشی بحران، لاگت اور توانائی کے چیلنجز کے باوجود پاکستان کی ہوم ٹیکسٹائل انڈسٹری عالمی مارکیٹ میں اپنا شیئر برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لیے آئندہ سال جنوری میں جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہونے والی ٹیکسٹائل صنعت کی سب سے بڑی عالمی نمائش ہیم ٹیکسٹائل میں پاکستان سے ریکارڈ 260 کمپنیاں شرکت کریں گی۔
میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندہ عمر صلاح الدین کے مطابق 10 تا 13 جنوری 2023 کے دوران چار روز تک جاری رہنے والی اس نمائش میں اس بار پاکستانی نمائش کنندگان کی اب تک کی سب سے بڑی شرکت ہوگی، اس طرح پاکستان اس تقریب میں چوتھا بڑا ملک بن جائے گا اور پاکستان سے بھی بڑی تعداد میں شرکاء شریک ہوں گے۔
ہوم ٹیکسٹائل اور کنٹریکٹ ٹیکسٹائل کے لیے یہ معروف بین الاقوامی تجارتی میلہ 50 ممالک کے 2 ہزار400 نمائش کنندگان کے ساتھ سال کے پہلے ایونٹ کے طور پر نئے سیزن کا آغاز کرے گا۔
عمر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد ہال لیول 10 میں بیڈ لیلن، کچن لیلن اور ٹاولز کے ساتھ شرکت کریں گی جب کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) بھی پاکستان کے سب سے بڑے قومی پویلین کے ساتھ اس نمائش میں شرکت کرے گا۔
آل پاکستان بیڈ شیٹ اینڈ اپ ہوسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احسان ملک نے ہیم ٹیکسٹائل کے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس نمائش کو ٹیکسٹائل انڈسٹری میں آنے والی نئی تبدیلیوں، ڈیزائن، اسٹائل، پائیداری سے متعلق مصنوعات وغیرہ کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں، ہم اپنی مصنوعات کے لیئے ممکنہ سپلائرز کی معلومات بھی اکٹھا کرتے ہیں۔